اسلام آباد(وقائع نگار)اسلام آباد ہائی کورٹ نے دیگر صوبوں کی طرح اسلام آباد کی اپنی قانون ساز اسمبلی کے قیام کیلئے دائر درخواست پر وفاق اور اٹارنی جنرل آف پاکستان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے27 مارچ تک جواب طلب کرلیا۔ پیر کو اسلام ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے ایس ایم یاور گردیزی ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی۔درخواستگزار ایس ایم یاور گردیزی ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے،عدالت نے ریمارکس دئیے کہ وفاق اور اٹارنی جنرل 27 مارچ تک جواب جمع کروائیں۔جسٹس محسن اختر کیانی نے استفسارکیا کہ کیا یہ عدالت قانون سازی کیلئے یا آئین میں ترمیم کیلئے ہدایت کر سکتی ہے۔درخواستگزار کی جانب سے کہا گیا کہ میں اسلام آباد کے رہائشیوں کے بنیادی حقوق کی بات کر رہا ہوں،دہلی اور آسٹریلیا میں اس طرح کی حکومت ہے، درخواستگزار نے عدالت سے استدعاکی کہ پارلیمنٹ کو ہدایت کر دیں پھر انکی صوابدید ہے کہ وہ اسے کیسے لیتے ہیں، پاکستان میں اسلام آباد ہی ایک ایسا علاقہ ہے جس کی کوئی اسمبلی نہیں ہے، اسلام آباد کسی صوبائی اسمبلی کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا،عدالت نے وفاق اور اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 27 مارچ تک کے لئے ملتوی کر دی۔
اسلام آباد کی اپنی قانون ساز اسمبلی کیلئے درخواست،وفاق اور اٹارنی جنرل کو نوٹس
Jan 17, 2023