کراچی میں پی پی 93جماعت اسلامی 86پی ٹی آئی 40یوسیز میں کامیاب`

Jan 17, 2023


کراچی (نوائے وقت رپورٹ‘ آئی این پی) الیکشن کمشن نے کراچی ڈویژن میں بلدیاتی انتخابات کے نتائج جاری کر دیئے۔ کراچی کی تمام یوسیز کے نتائج جاری کر دیئے گئے۔ پیپلزپارٹی  اب تک 93 یوسیز میں کامیابی کے بعد سر فہرست ہے۔ جماعت اسلامی 86 یوسیز میں کامیابی کے بعد دوسرے نمبر پر ہے۔ پی ٹی آئی نے کراچی ڈویژن میں  40 یوسیز میں کامیابی حاصل کی ہے۔ مسلم لیگ ن 6 یوسیز پر جیتی ہے۔ مہاجر قومی موومنٹ ایک یوسی‘ دو یوسیز پر آزاد امیدوار کامیاب ہوئے۔ جے یو آئی (ف) نے 2 اور تحریک لبیک نے ایک نشست پر کامیابی حاصل کی ہے۔ کراچی ڈویژن کی 246 میں سے 235 یوسیز میں انتخابات ہوئے۔ 11 نشستوں پر امیدواروں کے انتقال کی وجہ سے انتخابات نہیں ہوئے۔ پاکستان پپلزپارٹی کے رہنما اور صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا ہے کہ کراچی کے بلدیاتی انتخابات میں ہم سب سے بڑی پارٹی کے طورپر سامنے آ ئے ہیں۔ شہر میں اپنا میئر لانے کیلئے رابطے کریںگے۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سعید غنی کا کہنا تھا کل کے الیکشن میں ثابت ہوا کہ سابقہ جنرل انتخابات میں ڈاکہ ڈالا گیا تھا۔ پی ٹی آئی کے دماغ سے خناس نکلا کہ کراچی ان کا ہے۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی کراچی سے صوبائی اور قومی اسمبلی کی نشستیں بھی جیتے گی۔ ہماری خواہش تھی کہ ایم کیو ایم بلدیاتی انتخابات میں حصہ لیتی۔ پی ٹی آئی کو چھوڑ کر باقی تمام جماعتوں سے بات ہو سکتی ہے۔ سعید  غنی کاکہنا تھا جماعت اسلامی نے کراچی میں کافی نشستیں جیتی ہیں جس پر حافظ نعیم الرحمن کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ جبکہ کراچی میں پی ٹی آئی کے میئر کی نشست پر امیدوار اپنی نشست بھی نہ جیت سکے۔ ہم اپنا میئر لانے کیلئے سب سے رابطے کریںگے۔ علاوہ ازیں کراچی کے بلدیاتی انتخابات میں جو بڑے بڑے برج الٹے ہیں‘ ان میں پیپلزپارٹی کے رہنما اور صوبائی وزیر سعید غنی بھی شامل ہیں۔ پاکستان پیپلزپارٹی نے ضلع جنوبی کے چنیسر ٹائون کی یو سی 3  سے سعید غنی کے بھائی فرحان غنی کو چیئرمین کیلئے میدان میں اتارا تھا۔ خلاف توقع فرحان غنی کو جماعت اسلامی کے شاہد فرمان نے شکست سے دوچار کیا۔
بلدیاتی انتخابات

مزیدخبریں