حکومت  پوری کرے گی ملک کو پائوں پر کھڑا کر دیں گے : شہباز شریف



اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی اور انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے، پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نکال کر اپنے پاؤں پر کھڑا کریں گے، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سمیت دیگر دوست ممالک نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے، ہم اس تعاون کو سرمایہ کاری اور تجارت کے شعبوں میں ڈھالنا چاہتے ہیں۔ پیر کی شب دبئی کے ''العربیہ'' ٹی وی چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ سعودی عرب متحدہ عرب امارات کی طرح پاکستان کا دیرینہ دوست ملک ہے، پاکستان کے وجود میں آنے سے سینکڑوں سال پہلے برصغیر میں بسنے والے لاکھوں مسلمان سمندر اور صحرا کے راستے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ حج اور عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کیلئے جاتے تھے۔ اس لئے سعودی عرب کے ساتھ یہ تعلقات سینکڑوں سال پرانے ہیں۔ وزیراعظم نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں ان کا دورہ متحدہ عرب امارات انتہائی کامیاب رہا ہے، متحدہ عرب امارات میرا اور لاکھوں پاکستانیوں کا دوسرا گھر ہے اور اس کے پاکستان کے ساتھ انتہائی قریبی برادرانہ اور دوستانہ تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ متحدہ عرب امارات کی قیادت کے مشکور ہیں بالخصوص صدر شیخ محمد بن زید النہیان جو کہ پاکستان کے دیرینہ مددگار اور مہربان ہیں، وہ چاہتے ہیں کہ پاکستان اور یہاں کے عوام خوشحال ہوں، اسی طرح شیخ زید پاکستان کے ایک بڑے خیرخواہ اور دوست تھے۔ ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ اسلامی دنیا اور بالخصوص خلیجی ممالک جو پاکستان کے ہمسائے ہیں، ان کے ساتھ تعلقات باہمی مفادات، مذہب، ثقافت اور تاریخی رابطوں پر مبنی ہیں، یہی وجہ ہے کہ پاکستان اور خلیجی ممالک کی قیادت کے درمیان یہ عزم پایا جاتا ہے کہ ایک دوسرے کے ساتھ تجارت، ثقافت اور سرمایہ کاری کو فروغ حاصل ہو۔ اسلام کو امن، مساوات اور ہر قسم کی دہشت گردی کی نفی کرنے والے دین کے طور پر فروغ دینے کا عزم لئے ہوئے ہیں جبکہ اس کے ساتھ ساتھ ایک متفقہ ایجنڈے کی لڑی میں پروئے ہوئے ہیں۔ ان تمام بنیادوں پر ہم تزویراتی شراکت دار ہیں۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان کو جو معاشی چیلنج درپیش ہیں وہ کسی طور پر بھی خلیجی ممالک کی مدد کے بغیر حل نہیں ہو سکتے تھے، ان ممالک کی جانب سے پاکستان کی بھرپور مدد کی گئی ہے، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات سمیت دیگر ممالک نے بھرپور مدد کی ہے، میرا یہ وژن نہیں کہ ہر وقت دوسرے ممالک سے ہی مدد مانگی جائے، پاکستانی قوم ایک بہادر اور محنتی قوم ہے اور میرا یہ ایمان ہے کہ یہ ایک دن ضرور اپنے پاؤں پر کھڑی ہو گی، سرمایہ کاری کا فروغ چاہتے ہیں، گو کہ یہ ممالک ہمیشہ پاکستان کی مدد کیلئے تیار رہتے ہیں لیکن ہم نہیں چاہتے کہ ہم ہر وقت ان سے مدد کا تقاضا کرتے رہیں، یہ ایک شاندار روایت ہے کہ مشکل میں بھائی اپنے بھائی کی مدد کرتا ہے لیکن ہم اس امداد کو تجارت، سرمایہ کاری میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں تاکہ پاکستان اپنے پاؤں پر کھڑا ہو سکے اور یہاں معاشی بہتری آئے اور بھارت کو پیچھے چھوڑ دے اور ان شاء اﷲ یہ دن ضرور آئے گا اور یہ خواب ضرور شرمندہ تعبیر ہو گا۔ ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ بھارت ہمارا ہمسایہ ملک ہے، گو کہ ہم اپنی پسند سے ہمسائے نہیں ہیں، یہ ہم پر ہے کہ ہمیں امن و خوشحالی سے رہنا چاہئے، پاکستان نے ماضی سے سبق سیکھا ہے، پاکستان اور بھارت کے درمیان تین جنگیں ہو چکی ہیں، ان جنگوں کے نتائج مزید غربت، بے روزگاری اور لاکھوں لوگوں کی زندگیوں میں ابتری کے طور پر سامنے آئے، میرا بھارت کی قیادت اور وزیراعظم مودی کو یہ پیغام ہے کہ وہ ہمارے ساتھ بیٹھیں اور تمام حل طلب مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ بات چیت کریں، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں، یہ بند ہونی چاہئیں اور دنیا کو یہ پیغام جانا چاہئے کہ بھارت بات چیت پر تیار ہے، ہم مکمل طور پر بات چیت کیلئے تیار ہیں، کشمیریوں کو ملنے والے حقوق یکطرفہ طور پر 5 اگست 2019ء کے اقدام سے ختم کر دیئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ میرا بھارتی قیادت کو یہ پیغام ہے کہ تنازعات ختم کرکے ہم اپنے وسائل کو ہتھیاروں کی دوڑ کی بجائے غربت، بے روزگاری کے خاتمہ، صحت اور تعلیم کی مثالی سہولیات کیلئے استعمال میں لا سکتے ہیں، دونوں ممالک جوہری طاقتیں ہیں، میں نے محمد بن زید سے یہ استدعا کی کہ وہ اس ضمن میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں، ہم خلوص دل کے ساتھ بھارت کے ساتھ بات چیت کرنا چاہتے ہیں، بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ جو سلوک کیا جا رہا ہے وہ سب کے سامنے ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس دنیا کی بقاء اور بقائے باہمی کا دارومدار امن پر ہے، دنیا میں اشیاء خوردونوش کی قیمتیں بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہیں جو تصور سے بھی زیادہ ہیں، دنیا کو ہتھیاروں کی دوڑ سے نکلنا چاہئے، چین اور امریکہ کے درمیان پاکستان ایک پل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان کو بدترین معاشی چیلنجوں کا سامنا ہے تاہم ہم ان چیلنجوں کا مقابلہ کریں گے، محنت اور قربانی سے ان چیلنجوں پر قابو پائیں گے، ہمارے دوست ممالک ہماری مدد کر رہے ہیں، جرمنی نے جاپان کو مکمل طور پر تباہ کیا تھا لیکن جاپان اپنی محنت سے آج دنیا میں نمایاں مقام حاصل کر چکا ہے، یہ ہمارے اوپر ہے کہ ہمیں محنت اور لگن سے کام کرنا چاہئے تاکہ ان چیلنجوں سے نکل سکیں۔ انہوں نے کہا کہ میں آخری شخص ہوں گا جو کہ کسی طور کی بھی کرپشن برداشت کروں، میری حکومت میں اس کی کوئی گنجائش نہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اپنے بھائیوں اور بہنوں کیلئے یہ پیغام ہے کہ جس طرح خلیجی ممالک نے ریت کو سونے میں بدلا، سعودی عرب اس وقت دنیا میں تیزی سے ترقی کرتے ہوئے ممالک میں شامل ہے، ہمارے لئے ضروری ہے کہ محمد بن سلمان اور محمد بن زید کی قیادت میں جس طرح محنت اور لگن سے کام کیا جا رہا ہے اسی طرح ہم بھی اس سے سبق حاصل کریں۔
وزیراعظم

ای پیپر دی نیشن