کراچی(اسٹاف رپورٹر) اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے صوبائی صدر شبان غربا اہلحدیث پاکستان کے مرکزی ناظم اعلی علامہ عبدالخالق آفریدی نے کہا ہے کہ آج پاکستان کو سیاسی اور معاشی استحکام کی ضرورت ہے جو کہ حضرت صدیقِ اکبر کی پیروی کر کے آسانی سے حاصل کیا جاسکتا ہے۔ وہ گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں عظمت صدیقِ اکبر کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ علامہ عبدالخالق آفریدی نے کہا کہ ہمارے حکمران جب تک لندن، واشنگٹن اور یورپ سے راہنمائی حاصل کرتے رہیں گے اسی طرح ہم معاشی، سیاسی استحکام اور امن و امان کی نعمت سے محروم رہیں گے لیکن جوں ہی یہ لوگ قرآن وسنت اور خلفاء راشدین کے نقش قدم پر چلنا شروع کریں گے تو سیاسی اور معاشی بحران ختم اور پاکستان کی سلامتی‘ بقاء ہر قسم کے خطرات سے محفوظ ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکمران خلفاء راشدین کے نقشِ قدم پر چلیں گے تو پاکستان سے کرپشن، جھوٹ اور ہیرا پھیری کی سیاست کا بھی ہمیشہ ہمیشہ کے لئے خاتمہ ہو جائے گا۔ علامہ آفریدی نے کہاکہ ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کیلئے تمام دینی جماعتوں کومل کر پورے اخلاص سے عملی جدوجہد کرنی ہوگی۔ انہوں نے کہا بلدیاتی الیکشن سے واضح ہوگیا ہے کہ لوگ پاکستان میں سیاسی جماعتوں سے مایوس ہو چکے ہیں پہلے ہی پاکستان میں ووٹ ڈالنے کا تناسب بہت کم ہوتا ہے۔ اکثریت تو ووٹ کا استعمال ہی نہیں کرتی دینی جماعتوں کو کامیاب نظام خلافت سے رہنمائی لیتے ہوئے ملک کو ایک نیک صالح سیاسی نظام دینا ہوگا تاکہ پاکستان مستحکم اسلامی مملکت بن سکے۔