کراچی(اسٹاف رپورٹر)جما عت اہلسنّت پاکستان کراچی کے نائب امیر علامہ پیر سید عبد القادر شاہ شیرازی نے کہا کہ سیدنا ابوبکر صدیقؓ پہلے خلیفہ رسول اور مجاہد ختم نبوت ہیں۔ خلیفہ اول کی ذات انسانیت کی خدمت کے لازوال جذبہ سے سرشار تھی یہ جذبہ آج کے کسی حکمران میں نظر نہیں آتا۔انہوں نے مجید کالونی لانڈھی میں محفل شانِ حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اُمتِ مسلمہ کے سب سے بڑے محسن کا نام سیدنا ابوبکر صدیقؓ ہے۔ مسلمان خلیفہ اول کی زندگی کا مطالعہ کریں تو اُنہیں پتا چلے گا کہ سیدنا صدیقِ اکبر نہ صرف پہلے خلیفہ ہیں بلکہ وہ پہلے مجاہدِ ختم نبوت بھی ہیں، جس وقت مسیلمہ کذاب نے نبوت کا جھوٹا دعویٰ کیا تو اُس کے خلاف سیدنا صدیقِ اکبر ؓ نے انتہائی جرات کے ساتھ جہاد کیا اور اس کو نیست و نابود فرما دیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے حکمرانوں کو چاہیے کہ اُسوہ ِ صدیقِ اکبرؓ کو اپناتے ہوئے ختمِ نبوت و ناموس رسالت کے خلاف ہونے والی سازشوں کا قلع قمع کریں اور عوام کی فلاح و بہبود پر خاص توجہ دیں۔