لاہور (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے قومی اسمبلی میں واپس جانے کا عندیہ دیدیا۔ عمران خان نے زمان پارک لاہور میں سینئر صحافیوں سے گفتگو میں وزیراعظم سے اعتماد کا ووٹ لینے کے بارے میں کہا کہ جلد شہبازشریف کی نیندیں حرام کرنے والے ہیں۔ قومی اسمبلی کے حوالے سے پلان کر لیا ہے۔ (ن) لیگ کے ایم این اے رابطے میں ہیں۔ پہلے ان کا ٹیسٹ کریں گے اور پھر شامل کریںگے۔ عمران خان نے بتایا کہ یہ بری طرح پھنس گئے ہیں۔ رات اسحاق ڈار نے پٹرول کی قیمت بڑھانی تھی‘ لیکن نہیں بڑھائی۔ اس کا مطلب ہے کہ اب آئی ایم ایف نہیں آ ئے گی۔ انہیں دو ارب ڈالر کا قرضہ تو ملا جبکہ دو ارب ڈالر ترسیلات زر میں بھی کمی آگئی۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں نگران سیٹ اپ کیلئے واپس جا سکتے ہیں۔ باجوہ ڈاکٹرائن میں کوئی زیادہ کمی نہیں آئی۔ باجوہ لیک کیس میں گرفتار صحافی شاہد اسلم کے حوالے سے احتجاج کرنے جا رہے ہیں۔ عمران خان نے زور دیا کہ (ق) لیگ کا مستقبل تحریک انصاف کے ساتھ ہے۔ (ق) لیگ بلے کے نشان پر لڑے گی تو ان کی جیت ہوگی۔ میں بھی چاہتا ہوں کہ اتحاد والا کام ختم ہو۔ کراچی بلدیاتی الیکشن میں شکست پر انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کی کراچی میں ہارنے کی اہم وجہ تنظیم کی کمزوری اور پیپلزپارٹی کی دھاندلی ہے۔ عمران خان نے مزید کہا کہ مجھے یقین ہے مارچ یا اپریل میں الیکشن ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی کراچی میں شکست کی وجہ تنظیمی کمزوری اور پیپلزپارٹی کی دھاندلی ہے۔ پیپلزپارٹی دھاندلی کے بغیر نہیں جیت سکتی۔قومی اسمبلی میں جانے کے حوالے سے غور کیلئے پی ٹی آئی کااہم اجلاس آج طلب کرلیا گیا
عمران
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیر داخلہ رانا ثناء اﷲ نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کو ویلکم کریں گے۔ شروع دن سے کہہ رہے ہیں اسمبلی میں واپس آئیں، سیاستدان بنیں۔ پنجاب میں ن لیگ الیکشن لڑے گی۔ ان کو کراچی سے بڑا سرپرائز ملے گا۔ عمران خان کی مقبولیت والی بات فراڈ ہے۔ ملک میں مہنگائی کا ذمہ دار عمران خان ہے۔ قومی اسمبلی میں واپس آنے کیلئے ان کو دیئے گئے استعفے واپس لینا ہوں گے۔ پنجاب میں ان کو کراچی سے بھی بری صورتحال کا سامنا ہو گا۔
رانا ثناء
نگران سیٹ اپ کیلئے قومی اسمبلی جا سکتے ہیں عمران: خوش آمدید کہیں گے رانا ثنا
Jan 17, 2023