گوجرہ (نمائندہ نوائے وقت) انٹرنیشنل ہاکی سٹیڈیم گوجرہ میں پچھلے 15 روز سے بجلی کے تار چوری ہونے کی وجہ سے گیم نہ ہونے پر پلیئرز سراپا احتجاج بن گئے۔ گزشتہ پندرہ روز گزرنے کے باوجود اس مسئلہ کا کوئی حل نہیں نکالا جا سکا۔ ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر اور تحصیل سپورٹس آفیسر کی عدم دستیابی کی وجہ سے اس معاملے کی نہ تو کوئی شنوائی ہو رہی ہے اور نہ ہی اس پر کوئی ایکشن لیا جا رہا ہے۔ انٹرنیشنل ہاکی سٹیڈیم میںپانی نہ لگنے کی وجہ سے ٹرف خراب ہو رہی ہے تو دوسری طرف گیم نہ ہونے کی وجہ سے کھلاڑی شدید پریشانی میں مبتلا ہو چکے ہیں جبکہ حال ہی میں تعمیر ہونے والا ہاسٹل جو 15 کروڑ کے منصوبے کا حصہ ہے اس کا تعمیراتی کام بھی پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے رکا ہوا ہے۔ کھلاڑیوںکا کہنا ہے کہ اگر اس معاملے کو بروقت حل نہ کیا گیا تو یہ احتجاج سڑکوں تک بھی آسکتا ہے۔