اسلام آباد(وقائع نگار)اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کی عدالت نے کیپٹن(ر)عثمان یونس کی بطور چیف کمشنر اور چیئرمین سی ڈی اے دو عہدوں پر تقرری کے خلاف درخواست میں وکلاءکی استدعا پر سماعت ملتوی کردی گئی۔جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہاکہ یہ روایت بن چکی ہے کہ ایک بندہ دو عہدے سنبھالتا ہے،وزیراعظم کو پھر وزیر اعلیٰ پنجاب بھی ہونا چاہیے اس طرح فیصلے جلدی ہو جائیں گے،کمشنر کو اگر دوسری ذمہ داری دے دیں تو وہ اس عہدے پر زیادہ توجہ نہیں دیتے،ریاض حنیف راہی ایڈووکیٹ نے کہاکہ میری اطلاع کے مطابق چیئرمین سی ڈی اے تبدیل ہو رہے ہیں،جو نئے چیئرمین آئیں گے وہ بھی دو عہدے سنبھالیں گے،اگر چیئرمین سی ڈی اے تبدیل ہو رہے ہیں تو کیس کی سماعت تب تک ملتوی کی جائے،وفاقی حکومت نے اپنا جواب جمع کروا دیا ۔اس موقع پر اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے کہاکہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل دوسری عدالت میں مصروف ہیں،استدعا ہے کہ سماعت ملتوی کردی جائے، عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت30 جنوری تک کیلئے ملتوی کر دی۔
سماعت ملتوی
دو عہدوںکیخلاف درخواست، وکلاءکی استدعا پر سماعت ملتوی
Jan 17, 2023