کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر و سابق وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے میری پٹیشن پر الیکشن کرایا جس پر ہم نے الیکشن کمیشن کی تعریف کی۔ کل جو کچھ کراچی میں ہوا اسے الیکشن کہنے والے احمق ہیں۔ صاف اور شفاف الیکشن کرانے میں الیکشن کمیشن ناکام ہوگیا ہے۔ الیکشن کمیشن براہ راست دھاندلی میں ملوث ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ٹی آئی سندھ سیکریٹریٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ پی ٹی آئی سندھ کے جنرل سیکریٹری مبین جتوئی، پی ٹی آئی کراچی کے صدر بلال غفار، سندھ کے نائب صدر آغا ارسلان، اراکین اسمبلی فہیم خان، شہزاد قریشی، شاہنواز جدون، رابعہ اظفراور دیگر موجود تھے۔ علی زیدی کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے کہا کہ کراچی میں بلدیاتی انتخابات پر امن ہوئے ہیں، مطلب کہ الیکشن میں پر امن طور پر دھاندلی کی گئی ہے۔ ساری دھاندلی کے باوجود ہم نے ستر سے زائد یوسیز جیت لی ہیں۔ کل رات سے اب تک امیدوار آر او کے دفاتر کے باہر نتائج کے منتظر ہیں۔ دفاتر میں بیٹھ کر آر اوز پولیٹیکل انجینئرنگ کررہے ہیں۔ عمران خان پہلے سے کہہ رہے ہیں کہ یہ جانبدار ہیں۔ اندر بیٹھ کر نتائج تبدیل کیے جارہے ہیں،ہم دھاندلی پر ہر دروازہ کھٹکھائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے اراکین اسمبلی رابستان خان اور عدیل احمد دھاندلی روک رہے تھے تو انہیں پولیس نے گرفتار کرلیا۔ امجد آفریدی اور اسکے بھائیوں پر دہشتگردی کے مقدمات بنا دیے گئے ہیں۔ پریس کانفرنس کے بعد شاید میرے پیچھے بھی پولیس لگ جائے۔ بلاول تم بھی کرپٹ ہو، تمہاری جماعت کرپشن کرتی ہے اور تم اس کا تحفظ کرتے ہو۔ علی زیدی کا مزید کہنا تھا کہ کل تک ٹی وی پر انکے اشتہارات چل رہے تھے، جو خلاف قانون تھے۔ عوام کی رائے کے خلاف زبردستی کسی کو بٹھایا جائے تو ملک کو نقصان ہوتا ہے۔ آپ ملک کو نقصان پہنچا رہے ہیں، آپ اپنی انا میں ملک کا نقصان کررہے ہیں۔خدا کے لیے ملک کا نقصان کرنا بند کریں۔ علی زیدی نے بلدیاتی انتخابات کے نتائج کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس دھاندلی زدہ الیکشن کو مسترد کرتے ہیں۔ پی ٹی آئی پورے انتخابی عمل کو مسترد کرتی ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ فارم اے جاری کیا جائے۔بلدیاتی انتخابات میں ہونے والی دھاندلی پر علی زیدی نے الیکشن کمشنر آف پاکستان کے استعفی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کے استعفی کا مطالبہ کرتے ہیں۔ یہ ایک بے ایمان آدمی ہے، الیکشن کمیشن پی ڈی ایم کی چودہویں جماعت بنا ہوا ہے۔ ہم آئی جی اور اے آئی جی کے بھی استعفی کا مطالبہ کرتے ہیں، وہ بھی پورے پراسز میں فیل ہوگئے ہیں۔ سب اوپر سے آنے والی کالز کا دبا برداشت نہیں کرسکتے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کراچی کے صدر بلال غفارکا کہنا تھا کہ کراچی میں دو تین گھنٹے پولنگ تاخیر سے شروع ہوئی۔ کہیں عملہ نہیں تھا تو کہیں سامان موجود نہیں تھا۔ بوگس ووٹ ڈالے گئے، ہم کل رات تک ستر یوسیز پر جیت رہے تھے،آج جو نتائج ملے وہ غلط ہیں۔ کئی فارم ایسے ملے جن پر اوور رائیٹنگ ہوئی ہے۔ سعید غنی کی یوسی ہم چار سو ووٹوں سے جیتے ہوئے ہیں، سعید غنی کا خواب تھا کہ اپنے بھائی کو ٹاون کا چیئرمین بنائے جو چکناچور ہو گیا ہے۔پریس کانفرنس کے اختتام پر علی زیدی کا کہنا تھا کہ کارکنان تیار رہیں، قیادت سے مشاورت کے بعد جلد اگلے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔