کراچی میں ایران سنگل کنٹری نمائش،سندھ کی ترقی کا واحد راستہ صنعتکاری،کامران ٹیسوری

Jan 17, 2023


کراچی(کامرس رپورٹر)کراچی ایکسپو سینٹر میں ایران کی تین روزہ سنگل کنٹری نمائش کا آغاز ہوگیا ہے ۔نمائش کا آغاز گزشتہ روز گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کیا ،جبکہ تقریب میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ، بورڈ آف انوسٹمنٹ سندھ کے چیئرمین سید قاسم نوید قمرکراچی میںتعینات ایران کے قونصل جنرل حسن نوریان اور ایران کے نائب وزیر برائے صنعت اور ٹریڈ پروموشن آرگنائزیشن ایران کے صدر علی رضا ،ایف پی سی سی آئی کے صدر عرفان اقبال شیخ اور ٹڈاپ کے سی ای او زبیر موتی والا سمیت دیگر بھی موجود تھے۔گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے اس بات پر زور دیا کہ ان کا دفتر سندھ کو کاروباری سرگرمیوں، سرمایہ کاری، صنعتکاری اور تجارت دوست صوبہ بنانے میں ہر ممکن کوشش کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کے لیے آگے بڑھنے کا واحد راستہ صنعتکاری اور سماجی ترقی ہے۔کامران ٹیسوری نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی ایسی سنگل کنٹری نمائشوں کے لیے دوسرے ملکو ں کا موزوں پارٹنر ہے؛کیونکہ ملک کے تمام حصوں اور صنعتوں میں ایف پی سی سی آئی کا نیٹ ورک موجود ہے اور ایف پی سی سی آئی ایران کے ساتھ دوطرفہ تجارت کو اس کی حقیقی صلاحیت کے مطابق بڑھانے میں اپنا کردار ادا کر سکتا ہے۔کراچی میں ایرانی قونصل جنرل حسن نوریان نے تجارتی نمائش کو عملی جامہ پہنانے میں مکمل تعاون پر گورنر سندھ اور ایف پی سی سی آئی کا شکریہ ادا کیا اور ایرانی مصنوعات، کمپنیوں، تاجروں اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی و تجارتی روابط قائم کرنے کے لیے ایرانی سفارت خانے کی کوششوں کو پاکستانی کاروباری، صنعتی اور تاجر برادری میں پروموٹ کرنے میں ایف پی سی سی آئی کے کردار کی بھی تعریف کی۔ا س نمائش میںایران سے50سے زائد کمپنیوںنے مختلف مصنوعات کے اسٹالز لگائے ہیں ،ایرانی نمائش کنندگان ایرانی قالین،ڈیری مصنوعات ،کنفیکشنری،اسٹیل،پولیمر،پٹرو کیمیکل،ہربل،زرعی و طبی آلات،فرٹیلائزر،کاسمیٹکس،ہوم اپلائنسز،فٹ ویئر،اور ملبوسات وغیرہ کی نمائش کررہے ہیں،ایکسپو سینٹر میں ایران کی سنگل کنٹری نمائش بدھ تک جاری رہے گی،اس موقع پر ٹڈاپ اور ٹریڈ پروموشن آرگنائزیشن ایران کے درمیان تجارتی تعلقات کے فروغ کیلئے باہمی مفاہمت کی ایک یاداشت پر بھی دستخط کئے گئے ،اس موقع پر ٹڈاپ کے سی ای او زبیر موتی والا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان دو طرفہ تجارتی حجم 1.5ارب ڈالرز ہے جو کہ انتہائی کم ہے،دونوں ممالک کے درمیان کم از کم پانچ ارب ڈالر ز کی تجارت کے مواقع موجود ہیں، اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ سے ایکسپو سینٹر میںمزید ہال کی تعمیر کا بھی مطالبہ کیا گیا اور  اس موقع پر صدرایف پی سی سی آئی عرفان اقبال شیخ‘  سنیئر نائب صدر ایف پی سی سی آئی سلیمان چاؤلہ و دیگر نے خطاب کیا۔

مزیدخبریں