اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت):پاکستان پوسٹ نے مختلف اہم مواقع اور عظیم شخصیات کی یاد میں سال 2022 کے دوران کل 11 ڈاک ٹکٹ جاری کیے ہیں۔ گزشتہ سال جاری کیے گئے ان 11 ڈاک ٹکٹوں میں سے سال کا پہلا ڈاک ٹکٹ 01 جنوری 2022 کو پاکستان اور جاپان کے درمیان سفارتی تعلقات کی 70 ویں سالگرہ کی یاد میں جاری کیا گیا۔ اس یادگاری ڈاک ٹکٹ کا سائز 81 x 40 ملی میٹر ہے جبکہ اس کی مالیت 20 روپے ہے۔پاکستان پوسٹ نے 14 اگست 2022 کو ایک یادگاری ڈاک ٹکٹ جاری کیا، جس پر پاکستان کی یادگاروں کی منظر کشی کی گئی ہے۔ اس ڈاک ٹکٹ پر ڈائمنڈ جوبلی کی(1947-2022) کے موقع پر تقریب کے لوگو کے ساتھ ''آزادی اور خدمت کے 75 سال اور آزادی، اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کی حقیقی روح کے الفاظ بھی شامل ہیں.پاکستان اور جاپان کے درمیان سفارتی تعلقات 28 اپریل 1952 کو قائم ہوئے۔ جاپان امن معاہدے کی توثیق کرنے والے چند ممالک میں پاکستان پہلے نمبر پر ہے۔ دوسرا یادگاری ڈاک ٹکٹ پاکستان اور سپین کے درمیان سفارتی تعلقات کی 70 ویں سالگرہ کے موقع پر 14 جنوری 2022 کو جاری کیا گیا ۔ یادگاری ڈاک ٹکٹ جس میں پلازہ ڈی سیبلس، سپین اور اسلامیہ کالج پشاور کی تصاویر شائع کی گئی ہیں جس کا مقصد ہمارے دونوں ملکوں کے درمیان دوستانہ تعلقات کا جشن منانا ہے، پاکستان اور اسپین کے تعلقات ہم آہنگی کی علامت ہیں جو مشترکہ نظریات ، جمہوریت ، تکثیریت، امن اور سلامتی کے مشترکہ مفادات پر مبنی ہیں۔ پاکستان پوسٹ نے23 مارچ 2022 کو اسلام آباد میں 22 اور 23 مارچ 2022 کو منعقدہ او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے48 ویں اجلاس کے موقع پر تیسرا ڈاک ٹکٹ جاری کیا ۔ یہ اجلاس خاص اہمیت کا حامل ہے کیونکہ یہ پاکستان کی آزادی کی 75 ویں سالگرہ کی تقریبات کے موقع پر منعقد کیا گیا۔پاکستان میں خواتین کی تعلیم کے سب سے بااثر اداروں میں سے ایک لاہور کالج برائے خواتین ، لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی لاہور (1922-2022) کے100 شاندار سال منانے کے لیے پاکستان پوسٹ نے25 مئی، 2022 کو سال کا چوتھا یادگاری ڈاک ٹکٹ جاری کیا جس میں یونیورسٹی کی تصاویر کی منظرکشی کی گئی ۔ پاکستان پوسٹ نے اٹک ریفائنری لمیٹڈ کی صد سالہ تقریب کے موقع پر 25 جولائی 2022 کو سال کا 5 واں ڈاک ٹکٹ جاری کیا ۔ اے آر ایل ملک میں خام تیل کو صاف کرنے کا ایک علمبردار ہے جس نے1922 سے آپریشن کا آغاز کیا تھا۔