اسلام آباد(نا مہ نگار)فرانس خیال خوڑ 128میگاواٹ پاورپراجیکٹ کیلئے 120 ملین یوروکا قرضہ فراہم کرے گا، اس ضمن میں پاکستان اورفرانس کے درمیان معاہدے پردستخط ہوگئے۔ سیکرٹری اقتصادی امورڈویژن ڈاکٹرکاظم نیاز اورفرانسیسی ترقیاتی ایجنسی (اے ایف ڈی)کے کنٹری ڈائریکٹر فلپ سٹین میٹز نے معاہدے پردستخط کئے۔نرم شرائط پریہ قرضہ خیبرپختونخوا کے علاقہ پٹن میں 128میگاواٹ پیداوارکے حامل خیال خوڑ پراجیکٹ کیلئے فراہم کیا جارہاہے، اس منصوبہ سے واپڈا کوپانی سے بجلی کی پیداوارمیں اضافہ کی کوششوں کوتقویت ملے گی، یہ منصوبہ جنیوامیں حال ہی میں کلائمٹ ریزیلئینٹ پاکستان کانفرنس میں ملک میں صاف اورماحول دوست توانائی کی فراہمی اورماحول کو نقصان پہنچانے والی گیسوں کے اخراج میں کمی کے عزم کی عکاسی کررہاہے۔فرانسیسی ترقیاتی ادارہ ملک میں توانائی اورشہری ترقی کے شعبہ جات میں گرین انویسٹمنٹ کے ذریعہ پاکستان کومالی اورتکنیکی معاونت فراہم کررہاہے۔سیکرٹری اقتصادی امورڈویژن نے پاکستان کومالی معاونت فراہم کرنے پرفرانس کی حکومت اورفرانسیسی ترقیاتی ادارہ کا شکریہ اداکیا۔
پاورپراجیکٹ
خیال خوڑ پاورپروجیکٹ ،فرانس 120 ملین یورو قرض دے گا
Jan 17, 2023