ملتان (وقائع نگار خصوصی) چیئرمین آل پاکستان بیڈشیٹ اینڈاپ ہولسٹری مینوفیکچررزایسوسی ایشن سید محمد عاصم شاہ نے کہا کہ جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں میں منعقدہ ہیم ٹیکسٹائل2023 سے پاکستان برآمدکنندگان کو حوصلہ افزاء نتائج کی امید ہے انہوں نے کہا کہ عالمی کساد بازاری افراط زر کے دباؤ، امریکہ اور چین میں جاری معاشی تناؤ اور کرونا کی وباء کے خدشات کے باعث چین کی محدود شرکت نے فرینکفرٹ میں ہونے والی ہیم ٹیکسٹائل نمائش میں پاکستان کے لئے نئے امکانات روشن کردئییلیکن بہت ساری کمپنیوں کے نمائندگان باوجود سٹال بک کروانے اور دیگر تمام انتظامات کے باوجود ویزا جاری نہ ہونے کی وجہ سے شرکت نہ کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں جرمن سفارتخانہ نے چند نا معلوم وجوہات کی بنا پر بہت سی کمپنیوں کے عہدیداران حتی کہ مالکان کو نمائش میں شرکت کے لئے ویزے جاری نہیں کئے حالانکہ اس میں سے ایک بڑی تعداد دہائیوں سے ہیم ٹیکسٹائل یا دیگر کاروباری مصروفیات کے لئے جرمنی یا یورپ کا سفر کرتے رہے ہیں۔انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ معاملے کو نہ صرف اے پی بی یو ایم اے بلکہ فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز اور دیگر تجارتی تنظیموں کے توسط اعلی حکومتی اور سفارتی سطح پر اٹھایا گیا لیکن باوجود تمام کوششوں کے جرمن ویزا جاری نہ ہو سکا اور کمپنیوں کو سٹال کی بکننگ اور دیگر کی مد میں لاکھوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑا۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ ویزا کے معاملے کو سفارتی سطح پر اٹھایا جائے۔