لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے حضرت داتا گنج بخش علی ہجویریؒ کے مزار پر حاضری دی اور مزار پرپھولوں کی چادر چڑھائی۔وزیر اعلیٰ چودھری پرویز الہٰی نے مزار پر فاتحہ خوانی بھی کی اور ملک کی ترقی، خوشحالی، استحکام اور امن کیلئے خصوصی دعا کی. اس دوران وزیراعلیٰ چودھری پرویز الہٰی نے مزار کے ارد گرد ”غلام گردش“، کوریڈور کی وسعت کے منصوبے کا آغاز کیا۔چودھری پرویزالہٰی نے کہا کہ ”غلام گردش“، کوریڈورکو وسیع کرنے سے سینکڑوں زائرین کی گنجائش پیدا ہوگی، نئے کوریڈور میں ماربل کی ٹائلیں اور لکڑی کا کام کیا جائے گا. وسعت کا پراجیکٹ مدینہ فاؤنڈیشن کے اشتراک سے کیا جائے گا۔وزیر اعلیٰ پنجاب کے ساتھ میاں اسلم اقبال، پیر سید سعیدالحسن شاہ، میاں رشید، حاجی شاہد حمید، اسلم ترین، سیکرٹری اوقاف، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، ایڈمنسٹریٹر داتا دربار، اور متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔
وزیر اعلیٰ چودھری پرویز الہٰی کی دربار داتا صاحبؒ حاضری، پھولوں کی چادر چڑھائی
Jan 17, 2023 | 18:23