اسلام آباد (وقائع نگار+ نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) چیف الیکشن کمشنر نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے سیکرٹری عمر حمید کا استعفی منظور کرتے ہوئے ڈاکٹر سید آصف حسین کو ان کی جگہ نیا سیکرٹری تعینات کردیا۔ الیکشن کمیشن نے عمر حمید کے استعفی منظور کیے جانے اور کمیشن کے نئے سیکرٹری کی تعیناتی کا الگ الگ نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق کمیشن کے سیکرٹری عمر حمید خان نے صحت کی خرابی کے باعث استعفی دیا تھا، جسے چیف الیکشن کمشنر نے الیکشن کمیشن کے قواعد کے مطابق منظور کرلیا ہے اور اس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔ عمر حمید کو 9 جولائی 2021 ء کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کا سیکرٹری تعینات کیا گیا تھا اور وہ 16جنوری 2024 ء کو استعفے تک عہدے پر براجمان رہے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان سے جاری دوسرے نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ چیف الیکشن کمشنر نے الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 6(2) کے ساتھ الیکشن کمیشن رولز 1989 کے 8، 9 اور 10 کے تحت ڈاکٹر سید آصف حسین کو نیا سیکرٹری تعینات کردیا ہے، جو 22 گریڈ کے ریٹائرڈ افسر اور اس وقت الیکشن کمیشن اسلام آباد سیکرٹریٹ میں سپیشل سیکرٹری کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ نوٹیفکیشن میں بتایا گیا کہ اس تعیناتی کا اطلاق عوامی مفاد میں ایک سال کے معاہدے کی بنیاد پر فوری طور پر ہوگا۔ خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے سیکرٹری الیکشن کمیشن کے استعفے کی خبریں آئی تھیں، جس پر ترجمان الیکشن کمیشن نے وضاحت کی تھی کہ کمیشن کے سیکرٹری عمر حمید کرونا کے باعث رخصت پر ہیں، عمر حمید کی طبیعت کچھ دنوں سے خراب تھی اور اس وقت میڈیکل ریسٹ پر ہیں، جیسے ہی صحت نے اجازت دی تو وہ جلد اپنے فرائض انجام دیں گے۔ ترجمان نے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن مکمل طور پر فعال ہے اور الیکشن کمیشن کے کسی کام میں رکاوٹ یا رخنہ نہیں ہے۔ تعطیلات کے دنوں میں بھی الیکشن کمیشن کے دفاتر کام کر رہے ہیں اور سیکرٹری کی غیرموجودگی میں دونوں سپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن کا کام احسن طریقے سے چلا رہے ہیں۔ علاوہ ازیں الیکشن کمشن میں اعلیٰ سطح پر تبادلے اور تقرریاں کر دی گئیں۔ صوبالی الیکشن کمشنر بلوچستان اعجاز انور چوہان کا تبادلہ کر دیا گیا۔ اعجاز انور چوہان کو صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب تعینات کر دیا گیا ہے۔ الیکشن کمشن آف پاکستان نے اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب سعد گل کا تبادلہ کر دیا گیا۔ سعد گل ڈی جی الیکشن سیل الیکشن کمشن پاکستان اسلام آباد تعینات کر دیئے گئے۔ علاوہ ازیں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابی نشانات بدلنے پر پابندی لگا دی۔ الیکشن کمیشن نے انتخابی نشان سے متعلق صوبائی الیکشن کمشنر، ریٹرننگ آفیسرز اور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرز کو ہدایات جاری کر دیں۔ الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ اس مرحلہ میں انتخابی نشان کی تبدیلی سے اجتناب کیا جائے، اگر کوئی تبدیلی لازم درکار ہو تو کمیشن سے پیشگی اجازت لی جائے۔ ترجمان الیکشن کمیشن نے مزید کہا ہے کہ بیلٹ پیپرز کی چھپائی شروع ہو چکی ہے، ہو سکتا ہے انتخابی نشان کی تبدیلی ممکن نہ ہو سکے۔ دوسری جانب الیکشن کمشن نے رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کی نئی فہرست جاری کر دی۔ الیکشن کمشن نے پاکستان تحریک انصاف کو بغیر سربراہ کے رجسٹرڈ جماعتوں میں شامل کر لیا۔ الیکشن کمشن کے پاس اس وقت 166 رجسٹرڈ سیاسی جماعتیں ہیں۔ گزشتہ ہفتے الیکشن کمشن نے 13 جماعتوں کو ڈی لسٹ کر دیا تھا۔
آصف حسین سیکرٹری الیکشن کمشن تعینات، پی ٹی آئی رجسٹرڈ جماعتوں میں شامل
Jan 17, 2024