قومی اور صوبائی اسمبلی کے 2 امیدوار عبدالعلیم خان کے حق میں دستبردار

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) استحکام پاکستان پارٹی کے صدر اور این اے117 لاہور سے قومی اسمبلی کے امیدوار عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ وہ 22برسوں سے شہریوں کی صحت، تعلیم اور دیگر اہم شعبوں میں خدمت کر رہے ہیں اور انشاء اللہ شاہدرہ میں پائی جانے والی پسماندگی، غربت اور گندگی دور کرنے کے لئے بھی دن رات کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ امر افسوسناک ہے کہ شاہدرہ کا سارا علاقہ لاہور شہر کا حصہ ہی دکھائی نہیں دیتا، اب ہمیں وقت ضائع کیے بغیر اس علاقے کی حالت بدلنے کے لئے کام کرنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق ممبر پنجاب اسمبلی ڈاکٹر سعید الہی کی قیادت میں این اے117سے مختلف شعبہ ہائے زندگی کے50رکنی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ این اے117سے امیدوار ملک عمیر طاہر نے عبدالعلیم خان کے حق میں دستبردار ہونے اور اپنے تمام ساتھیوں سمیت اْن کی انتخابی مہم میں بھرپور حصہ لینے جبکہ سابق تحصیل ناظم اور پی پی145سے امیدوار رانا انوار الحق نے بھی عبدالعلیم خان کے حق میں دستبردار ہونے کا اعلان کیا۔ دریں اثناء پی پی 149 میں عبدالعلیم خان کی انتخابی مہم کے انچارج و مرکزی رہنما استحکام پاکستان پارٹی شعیب صدیقی نے (ن) لیگی رہنما شیخ روحیل اصغر سے ملاقات کی‘ این اے 119 کی امیدوار مریم نواز اور پی پی 149 کے امیدوار عبدالعلیم خان کی انتخابی مہم کے حوالے سے حکمت عملی طے کی۔ اس موقع پر روحیل اصغر نے کہا کہ عبدالعلیم خان کے سب معترف ہیں۔ ان کی انتخابی مہم بھرپور طریقے سے چلائیں گے۔ اس موقع پر چار (ن) لیگی یونین چیئرمین نے بھی عبدالعلیم خان کی حمایت کا اعلان کیا۔ 

ای پیپر دی نیشن