سیاسی جماعتوں کو الیکشن میں مساوی موقع دیا جائے: سرا ج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ڈلیور نہ کرنے والے اس بار آخری الیکشن لڑیں گے۔ اب دو خاندانوں کی نہیں عوام کی باری آئے گی۔ 8فروری کا سورج جمہور کی تمناؤں کو روشن کرے گا۔ منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ بروقت اور شفا ف انتخابات کو یقینی بنایا جائے۔ یہی استحکام کا راستہ ہے، عوام کو آئینی حق سے محروم رکھا گیا توجمہوری طریقہ کے مطابق مزاحمت کریں گے۔ دیرینہ موقف ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کو الیکشن میں مساویانہ مواقع فراہم کیے جائیں۔ نائب امیر لیاقت بلوچ، سیکرٹری جنرل امیرالعظیم، ڈپٹی سیکرٹری جنرل اظہر اقبال حسن، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف اور امیر لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ امیر جماعت نے کہا کہ گزشتہ پانچ سال تمام پارٹیوں نے حکومت کی۔ اس دوران کرپشن کیسز معاف کرائے گئے، آئی ایم ایف سے مشروط قرضے لے کر پٹرول، بجلی، گیس کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ کیا گیا۔ حکمرانوں کے پروٹوکول میں کوئی فرق نہیں آیا، البتہ عوام کے لیے سانس لینا بھی دشوار کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک پر مسلط سیاسی برہمنوں کے جانے کا وقت آگیا، عوام ایوانوں کو ان کے لیے کلب بنانے کا مزید موقع نہیں دیں گے۔ ترازو کی کامیابی کرپشن فری اسلامی فلاحی پاکستان کی ضمانت ہے۔

ای پیپر دی نیشن