حوثیوں کا اسرائیل جانیوالے جہاز پر حملہ: امریکی کارروائی سے کشیدگی بڑھے گی: قطری وزیراعظم

صنعا‘ واشنگٹن‘ دوحہ (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) امریکی فوج نے بتایا ہے کہ حوثیوں کے زیر قبضہ علاقے سے داغا گیا کروز میزائل مار گرایا ہے۔ یہ کروز میزائل بحیرہ احمر میں امریکی جنگی جہاز کو تباہ کرنے کے لیے داغا گیا تھا لیکن راستے میں ہی گرا دیا گیا۔ امریکی سینٹ کام کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق حوثی میزائل جہاز شکن کروز تھا۔ یہ یمن میں حوثیوں کے زیر قبضہ علاقے سے داغا گیا تھا اور اس کا رخ لیبون کی طرف تھا۔ یہ علاقہ بحر احمر کے جنوب کی طرف ہے۔ قطری وزیراعظم محمد بن عبدالرحمان نے کہا امریکی قیادت میں یمن میں حوثیوں پر حملے خطہ میں کشیدگی بڑھائیں گے۔ عالمی رہنماؤں کو غزہ میں جنگ ختم کرانے پر توجہ رکھنی چاہئے۔ کسی بھی تنازعہ میں سفارتی حل کو ترجیح دیتے ہیں۔ غزہ تنازعہ ختم ہو گا تو دیگر تنازعات خود بخود دم توڑ دیں گے۔ عرب میڈیا کے مطابق حوثی باغیوں نے اسرائیل جانے والے یونان کے بحری جہاز پر بحیرہ احمر میں حملہ کیا۔ ترجمان حوثی گروپ نے عزم دہرایا کہ غزہ کا محاصرہ ختم اور اسرائیلی جارحیت رکنے تک حملے جاری رہیں گے۔ یورپی یونین نے حوثی باغیوں کے حملوں کیخلاف بحیرہ احمر میں یورپی میری ٹائم مشن بنانے کی حمایت کی۔ یورپی سفارتکار نے کہا کہ یورپی ممالک نے میری ٹائم مشن بنانے کی ابتدائی حمایت کی ہے۔ ای یو میری ٹائم مشن بحیرہ احمر میں جہازوں کی حفاظت کیلئے بنایا جائے گا۔ بحیرہ احمر میں ای یو میری ٹائم مشن 19 فروری تک بنایا جا سکتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن