اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے سربراہ پاک فضائیہ، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں ممالک کی فضائی افواج کے مابین مشترکہ فضائی مشقوں کے ذریعے تعاون اور تربیتی شعبے کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ مزید برآں، انہوں نے پاک فضائیہ اور امریکی فضائیہ کے مابین تربیتی شعبے کے فروغ کے لئے تکنیکی صلاحیتوں اور وفود کے تبادلے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ ملاقات میں پاک فضائیہ کی جانب سے حال ہی میں قائم کردہ ٹیکنو پارکس میں تعاون پر بھی گفتگو ہوئی، جس میں آپریشنل تیاریوں اور کارکردگی کو مزید مستحکم کرنے کے لیے تکنیکی ترقی کو بروئے کار لانے پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات میں باہمی تعلقات کو تقویت دے کر مشترکہ منصوبوں اور تزویراتی شراکت داری کے لیے باہمی تعاون کے دائرہ کار کی تنظیم نو اور اس امر کے لیے نئی راہیں استوار کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ائیر چیف نے دونوں اتحادی ممالک کے درمیان پہلے سے موجود ہم آہنگی اور شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے اپنے بھرپور عزم کا اعادہ کیا۔ سربراہ پاک فضائیہ نے مزید کہا کہ "پاکستان امریکہ کے ساتھ اپنے مضبوط سفارتی، اقتصادی اور دفاعی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ امریکی سفیر نے پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی اور موجودہ قیادت کے زیر سایہ پاک فضائیہ کی جانب سے خود انحصاری کے میدان میں کی گئی نمایاں پیش رفت کو سراہا۔ امریکی سفیر نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کی بھی تعریف کی۔ فریقین نے تربیتی شعبے کی بہتری اور آپریشنل صلاحیتوں کے فروغ پر خصوصی توجہ مرکوز رکھتے ہوئے دونوں ممالک کے مابین موجودہ عسکری تعلقات کو مزید بہتر بنانے پر اتفاق کیا۔