9 مئی: شیخ رشید بھتیجے سمیت کمرہ عدالت سے گرفتار

اسلام آباد+راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے+جنرل رپورٹر) جی ایچ کیو حملہ کیس میں سابق ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی واثق قیوم اور تحریک انصاف کے 15 کارکنان کی عبوری ضمانتیں منظور ہوگئیں تاہم شیخ رشید کو گیارہ مقدمات میں ضمانت ملنے کے بعد ایک مقدمے میں بھتیجے سمیت عدالت سے گرفتار کرلیا گیا۔ راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کی اور تحریک انصاف کے 3 امیدواروں سمیت 24 کارکنوں کی ضمانتوں پر فیصلہ محفوظ کیا جو کہ آج سنا دیا۔ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج ملک اعجاز آصف نے فیصلہ دیتے ہوئے سابق ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی واثق قیوم عباسی اور پی ٹی آئی کارکنوں کی عبوری ضمانتیں منظور کرلیں۔ اسی طرح جی ایچ کیو حملہ کیس میں شیخ رشید کی ضمانت کنفرم ہوگئی۔ عدالت نے ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم جاری کردیا۔ 9 مئی شیخ رشید اور راشد شفیق کی مورگاہ اور تھانہ سٹی کیسوں میں بھی ضمانتیں کنفرم ہوگئیں۔ شیخ رشید کی مجموعی طور پر گیارہ مقدمات میں ضمانتیں ہوئی تاہم انہیں اور راشد شفیق کو ایک مقدمے میں ضمانت نہ ملنے پر کمرہ عدالت سے گرفتار کرلیا گیا۔ شیخ رشید کو جی ایچ کیو پر حملے کے ایک اور مقدمے میں گرفتار کیا گیا جو کہ تھانہ نیو ٹاؤن نے درج کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ سابق وزیر داخلہ شیخ رشید اور بھتیجے راشد شفیق کے خلاف سانحہ 9 مئی کے حوالے سے 12 مقدمات درج ہیں جن میں پولیس نے گرفتاری مانگ رکھی ہے۔

ای پیپر دی نیشن