وزیراعظم کی سری لنکن، لبنانی، امریکی رہنماؤں سے ملاقاتیں، مختلف امور پر گفتگو 

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ سے سری لنکا کے صدر رانیل وکرما سنگھے‘ لبنانی وزیراعظم اور امریکی نمائندہ نے عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر ملاقاتیں کی۔ منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور سری لنکا کے مابین تجارت کے فروغ اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ امریکی صدر کے نمائندہ خصوصی برائے موسمیات جان کیری سے ملاقات میں موسمیاتی تبدیلی کے مقامی اور عالمی اثرات بالخصوص ترقی پذیر ممالک کیلئے اس سے پیدا ہونے والی مشکلات کے حوالے سے بات ہوئی۔ لبنان کے وزیرِ اعظم نجیب میقاتی سے ملاقات میں دونوں رہنمائوں نے پاکستان لبنان دو طرفہ تعلقات کو مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا  ہے۔ ملاقات میں دونوں رہنمائوں نے خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنمائوں نے نہتے فلسطینیوں بالخصوص بچوں اور عورتوں پر ڈھائے جانے والے اسرائیلی مظالم پر اظہارِ تشویش کیا۔ منگل کو اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ ان کی  کارگل انک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر برائن سائیکس سے ورلڈ اکنامک فورم کے 54ویں سالانہ اجلاس کے موقع پر ملاقات ہوئی۔ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے تحفظ خوراک کے حصول اور ملک کے زرعی شعبے کی حقیقی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کیلئے اس میں جدت اور مکینیکل بنانے کیلئے فوری سرمایہ کاری کی ضرورت پر زور دیا۔

ای پیپر دی نیشن