اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کے دفاع کو یقینی اور مضبوط بنانے کے لئے ہم خود انحصاری اور جدید ترین ٹیکنالوجی کے لئے کام جاری رکھیں گے۔ قومی ترقی کا راستہ پی او ایف واہ جیسی مقامی صنعتوں سے متعین ہوتا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق وہ پاکستان آرڈیننس فیکٹری کے دورہ کے موقع پر خطاب کررہے تھے۔ آرمی چیف کو پی او ایف کی پیداواری صلاحیت، پاکستان کی مسلح افواج کی دفاعی ضروریات کو پورا کرنے میں اس کے تعاون اور برآمدی صلاحیت کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے پی او ایف مصنوعات کی وسیع رینج کا مشاہدہ کیا جس میں ٹیسٹ اور ٹرائلز کے تحت مقامی طور پر ڈیزائن اور تیار کردہ نئے ہتھیار اور بارود شامل ہیں۔ پی او ایف افسران اور عملے سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے پی او ایف کو پاکستان کی اہم دفاعی صنعت بنا کر ملکی سلامتی اور معیشت میں ان کے کردار کو سراہا۔ قبل ازیں آمد پر چیئرمین پی او ایف واہ نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔
مضبوط دفاع کیلئے خود انحصاری، جدید ترین ٹیکنالوجی پر کام جاری رکھیں گے: آرمی چیف
Jan 17, 2024