اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)پاکستان پیپلزپارٹی کی مرکزی رہنما سینیٹر پلوشہ خان نے کہا ہے کہ نواز شریف تین بار وزیراعظم رہے۔ تیس سال تک پنجاب میں حکمرانی کرتے رہے ہیں۔ اس عرصے کے دوران انہوں نے عوام کے کیا ہی کیا ہے کہ چوتھی بار بھی لاڈلوں کی طرح ضد کر رہے ہیں کہ مجھے وزیراعظم بنائو۔ پہلے بھی تین مرتبہ تو لایا گیا مگر گلے پڑے تو دھکے دے کر نکالے گئے۔ اسلام آباد میں پارٹی کے چیف کوآرڈینیٹر نذیر ڈھوکی کے ہمرا ہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینیٹر پلوشہ خان نے کہا کہ مریم نواز نے گذشتہ روز اوکاڑہ میں جلسہ کیا مگر اپنی پارٹی کا کوئی منشور دینے کی بجائے غصہ دکھانے اور طعنے دینے کے علاوہ ان کے پاس کوئی لفظ ہی نہیں تھا۔ مسلم لیگ(ن) کو علم ہی نہیں کہ عوام کے مسائل کیا ہیں الٹا وہ عوام سے پوچھ رہے ہیں کہ آپ کے مسائل کیا ہیں؟ سینیٹر پلوشہ خان نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) نے اپنے شیر کو بند کرکے چابی کہیں پھینک دی ہے۔