اسلام آباد (وقائع نگار)اسلام آباد ہائی کورٹ نے منظور پشتین کی کیسوں کی تفصیلات فراہمی اور حفاظتی ضمانت کی درخواست پر مقدمات کی تفصیلات عدالت میں جمع کرائے جانے پر درخواست نمٹا دی ۔ گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے درخواست پر سماعت کی تو درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اسلام آباد میں درج تمام مقدمات میں ضمانت ہو چکی ہے ، منظور پشتیں کو جہلم میں تھری ایم پی او کے تحت گرفتار کیا گیا ہے، جہلم کا ایم پی او آرڈر لاہور ہائی کورٹ پنڈی بنچ میں زیر سماعت ہے ۔ سرکاری وکیل نے بتایا کہ منظور پشتین کے خلاف اسلام آباد میں 4 ، خیبر پختونخواہ میں 34 ، بلوچستان میں 12 ، سندھ میں 7 اور پنجاب میں کوئی مقدمہ درج نہیں ہے ۔ چیف جسٹس نے مسکراتے ہوئے استفسار کیا کہ ایک ہی جرم میں اتنی ایف آئی آرز کیسے ہو سکتی ہیں ؟ سرکاری وکیل نے کہا کہ جب جب جرم ہوا تب مقدمہ درج کیا گیا ۔ عدالت نے کیسوں کی تفصیلات فراہمی پر منظور پشتین کی درخواست نمٹا دی ۔