پنجاب ایگریکلچر سٹرٹیجک پلان زرعی ترقی کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگا، ایس ایم تنویر

راولپنڈی(سٹاف رپورٹر)نگران صوبائی وزیر زراعت،صنعت و توانائی ایس ایم تنویر کی زیرِ صدارت پنجاب ایگریکلچر سٹرٹیجک پلان کے (2024-34) تیسرے اجلاس کا انعقاد ہوا۔صوبائی وزیر زراعت پنجاب ایس ایم تنویر نے اجلاس میں بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پنجاب ایگریکلچر سٹرٹیجک پلان صوبہ کی زرعی ترقی کیلئے مکمل گیم چینجر ثابت ہوگا۔ یہ پلان نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کی ہدایات پر تیار کیا گیا ہے جس سے پانی کے وسائل میں بہتری،زرعی تحقیق کیلئے ریفامز اور مارکیٹ  و زرعی  شعبہ سے متعلقہ انڈسٹری کے نظام میں بہتری اور جدت لانے کی تجاویز شامل ہیں جن کو تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے منظوری کیلئے صوبائی کابینہ کو ارسال کیا جائے گا۔ اجلاس میں سیکرٹری زراعت پنجاب نادر چٹھہ،سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل، ایڈیشنل سیکرٹری زراعت پلاننگ کیپٹن(ر)وقاص رشید، ایڈیشنل سیکرٹری زراعت (ٹاسک فورس)پنجاب محمد شبیر احمد خان،وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی فیصل آباد رانا اقرار احمد خان ، چیف سائنٹسٹ ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد ڈاکٹر محمد اختر،ڈائریکٹر جنرل زراعت توسیع ڈاکٹر اشتیاق حسن،ڈائریکٹر جنرل زراعت فیلڈ احمد سہیل،چیف ایگزیکٹو پارب ڈاکٹر عابد محمود،ممبر پلاننگ زراعت جاوید اسلم، کنسلٹنٹ شعبہ زراعت توسیع ڈاکٹر محمد انجم علی،ڈائریکٹر زرعی اطلاعات پنجاب نوید عصمت کاہلوں سمیت دیگر اعلی افسران،ترقی پسند کاشتکاروں و دیگر اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔اس موقع پر14 ورکنگ گروپس کی سفارشات کی روشنی میں پنجاب ایگریکلچر سٹرٹیجک پلان سے متعلق وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی فیصل آباد ڈاکٹر اقرار احمد خان نے شرکا کوبریف کیا گیا۔اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب نادر چٹھہ نے کہا کہ زرعی شعبہ میں صرف اور صرف سرمایہ کاری سے بہتری لائی جا سکتی ہے۔ پلان بنانے کا مقصد زمین اور پانی کے وسائل کا بہترین استعمال کرنا ہے تاکہ فصلوں کی فی ایکڑ پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ کیا جا سکے۔

ای پیپر دی نیشن