راولپنڈی(سٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک شاد بادنے اپنے انتخابی منشور کا اعلان کر دیا ہے جس میں تعلیم صحت اور روزگار کو اولین ترجیح دی گئی ہے۔ ملک سے بدامنی کے خاتمہ اور مہنگائی پر قابو پانا بھی ترجیحات میں شامل ہے۔ پاکستان تحریک شاد باد کے چئیرمین ڈاکٹر حنیف مغل نے پارٹی سیکرٹریٹ میں انتخابی منشور کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملک میں سیاسی افراتفری ہے جبکہ معیشت تباہی کے دہانے پر کھڑی ہے۔کوئی ملک پاکستان کو قرضہ دینے یا کاروبار کر نے کو تیار نہیں ہے جبکہ عوام مایوسی کا شکار ہیں اور لا کھو ں ہنر مند افراد ملک چھوڑ کر جا رہے ہیں۔ قر ضوں کی ادائیگی تو کجا ان کا سود ادا کرنا ہی مشکل ہو گیا ہے اور اس کے لئے بھی نئے قرضے لینا پڑ رہے ہیں۔ عوام ہر قسم کی سہولت سے محروم ہے مگر ان پر ٹیکس مسلسل بڑھایا جا رہا ہے جبکہ اشرافیہ کو مسلسل مراعات دی جا رہی ہیں اور اس سلسلے کو ختم کئے بغیر ملک کبھی اپنے پیروں پر کھڑا نہیں ہو سکتا ہے۔ ڈاکٹر حنیف مغل نے کہا کہ ملک میں ہنر مند افراد کی کمی ہے، سکولوں میں بچوں کی تعداد مسلسل کم ہو رہی ہے۔
بدامنی ،مہنگائی کا خاتمہ،تعلیم صحت اور روزگار اولین ترجیح،ڈاکٹر حنیف مغل
Jan 17, 2024