تیسرا ٹی ٹونٹی آج، قومی ٹیم میں 3 تبدیلیاں، سیریز بچانے کا چیلنج درپیش

Jan 17, 2024

لاہور(سپورٹس رپورٹر)نیوزی لینڈ اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پانچ بین الاقوامی ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز کا تیسرا میچ آج یونیورسٹی اوول،ڈونیڈن میں کھیلا جائیگا۔میچ صبح 5بجے شروع ہونا تھا۔ میزبان نیوزی لینڈ کو پاکستان کیخلاف پانچ ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل ہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم نے ڈنیڈن میں پریکٹس سیشن میں حصہ لیا ، پریکٹس سیشن تین گھنٹے تک جاری رہا۔کھلاڑیوں نے کوچز کی زیر نگرانی بائولنگ ‘بیٹنگ ‘فیلڈنگ پریکٹس کی ۔ نیوزی لینڈ کیخلاف تیسرے ٹی ٹونٹی میچ کیلئے پاکستان ٹیم نے پلیئنگ الیون کا اعلان کردیا،اس میچ کیلئے پاکستان ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں، پاکستان نے گزشتہ میچ کھیلنے والے تینوں بائولرز کو بائولرز سے ہی تبدیل کیا ہے۔اسامہ میر، عامر جمال اور عباس آفریدی تیسرا ٹی ٹونٹی میچ نہیں کھیلیں گے جبکہ ان کی جگہ وسیم جونیئر، محمد نواز اور زمان خان کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔محمد رضوان اور صائم ایوب اوپننگ کرینگے ۔ بابر اعظم‘فخر زمان ‘افتخار احمد‘اعظم خان ‘حارث رئوف ٹیم کا حصہ ہونگے ۔ شاہین آفریدی کپتانی کے فرائض سر انجام دینگے ۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بائولر عباس آفریدی پیٹ کے مسل میں سٹرین کی وجہ سے نیوزی لینڈ کیخلاف تیسرے ٹی ٹونٹی سے باہر ہوگئے ہیں۔ سکین میں کسی قسم کی شدید انجری کی تشخیص نہیں ہوئی ہے۔ پی سی بی کے مطابق اگلے دو میچوں میں ان کی دستیابی کے بارے میں بعد میں فیصلہ کیا جائیگا۔

مزیدخبریں