لاہور( سپورٹس رپورٹر)ہائر ایجوکیشن کمیشن کے زیر اہتمام منعقدہ آل پاکستان انٹریونیورسٹی ویمن باسکٹ بال چمپئن شپ کی فاتح لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کی باسکٹ بال ٹیم کے اعزاز میں یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے تقریب پذیرائی منعقد کی گئی۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شگفتہ نازنے باسکٹ بال ٹیم کی کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ سے ملاقات کی اور ایونٹ جیتنے پر مبارکباد دی۔ڈی جی سوشل ویلفیئر مدثر ریاض، ڈائریکٹر سپورٹس سمیرا ستار،منیجر وجیہہ اور کوچ آصف اقبال خان بھی موجود تھے۔ لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کی باسکٹ بال ٹیم کی کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی کا کریڈٹ کوچ آصف اقبال خان کو جاتا ہے جن کی بہترین کوچنگ اورپلاننگ کی بدولت نویں مرتبہ جیتنے میں کامیاب ہوئی ہے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شگفتہ نازنے کہا کہ ایونٹ نویں مرتبہ جیتنا بڑے اعزاز کی بات ہے۔ فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھنے کیلئے پریکٹس اور ٹریننگ سیشنز کی حکمت عملی مرتب کر کے اس پر عمل کیا جائے۔ کوچ آصف اقبال خان کا کہنا تھا کہ نویں مرتبہ فتح اس بات کو ثابت کرتی ہے کہ جب جیت کاعزم اور اپنی محنت پر پختہ یقین ہو تو کوئی بھی دشواری کامیابی کاراستہ نہیں روک سکتی۔