اسلام آباد (نوائے وقت نیوز+اے پی اے) وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے خورشید شاہ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ ذرائع کے مطابق دونوں رہنماﺅں کے درمیان چیئرمین نیب کے نام پر مشاورت ہوئی۔ اسحاق ڈار نے کہا مسلم لیگ (ن) کو جسٹس (ر) بھگوان داس کے نام پر کوئی اعتراض نہیں مگر اس میں کچھ قانونی پیچیدگیاں ہیں۔ خورشید شاہ نے کہا کہ قانونی پیچیدیاں مل کر دور کی جا سکتی ہیں۔ دونوں نے اتفاق کیا اگلے ایک دوروز میں خورشید شاہ وزیراعظم سے ملاقات کریں گے۔ اے پی اے کے مطابق حکومت نے چئیرمین نیب کیلئے رانا بھگوان داس کے نام پر قانونی تحفظات ظاہر کیے ہیں جبکہ خورشید شاہ کا اصرارہے بھگوان داس کو لانے کیلئے کوئی راستہ نکالیں۔ ذرائع کا مطابق خورشید شاہ کا کہنا ہے وہ اس معاملے پر اسحاق ڈار کے ساتھ دوبارہ مشاورت کریں گے۔ ذرائع کے مطابق اسحاق ڈارکاکہنا تھا حکومت کو رانا بھگوان داس کی نامزدگی پرکوئی اعتراض نہیں۔ وہ قابل،ایماندار اور اچھی شہرت کے حامل شخص ہیں تاہم ان کی بطور چیئرمین نیب تقرری میں کچھ قانونی پیچیدگیاں حائل ہیں۔