اسلام آباد (ثناءنیوز)سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع آج بدھ کو غیر قانونی طور پر میڈیا کے ہاتھ لگنے والی ایبٹ آباد کمشن رپورٹ کی پارلیمانی جانچ پڑتال کرے گی۔ یہ رپورٹ سینٹ کی کمیٹی کے پانچ نکاتی ایجنڈے میں شامل ہے۔اس کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر مشاہد حسین نے اےک انٹروےو مےں بتایا کہ کمیٹی کی باڈی نے کسی حکومتی اہلکار یا سکیورٹی اسٹیبلشمنٹ میں سے کسی کو اس اِن کیمرہ اجلاس میں شرکت کی دعوت نہیں دی۔ اس لیے کہ اس معاملے کی حساسیت کو دیکھتے ہوئے کمیٹی کے اراکین پہلے لیک ہونے والی رپورٹ کے مندرجات پر پہلے اندرونی طور پر خود بحث کریں گے اور اس معاملے پر مزید آگے بڑھنے کے لیے اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کریں گے۔ ایک سوال کے ذریعے جب ان کی توجہ لیک ہونے والی رپورٹ کے مستند ہونے یا نہ ہونے پر مبذول کروائی گئی تو انہوں نے کہا کہ حکومت کو سرکاری طور پر اس رپورٹ کو جاری کردینا چاہئیے، اس طرح اس نام نہاد تنازعے کا خاتمہ ہوجائے گا۔انہوں نے کہا میرے لیے یہ لیک رپورٹ نہیں ہے بلکہ رہنما رپورٹ ہے۔ جس کسی نے اس رپورٹ کو میڈیا کے حوالے کیا ہے، اس نے عوام کی عظیم خدمت کی ہے۔ اس رپورٹ نے قوم کے سامنے سچ کو پیش کردیا ہے۔
سینٹ قائمہ کمیٹی آج ایبٹ آباد کمشن رپورٹ کی جانچ پڑتال کرے گی
Jul 17, 2013