امریکہ: سیاہ فام نوجوان کے قاتل کی رہائی کیخلاف احتجاج جاری‘ ہفتہ کو 100 شہروں میں مظاہروں کا اعلان

واشنگٹن (اے پی پی) امریکہ کے مختلف شہروں میں سیاہ فام نوجوان کے قاتل جارج زمرمین کی بریت کے خلاف احتجاجی مظاہرے جاری ہیں اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لئے کام کرنے والی ایک بڑی تنظیم نے آئندہ ہفتہ کے روز ایک سو امریکی شہروں میں اس عدالتی فیصلے کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا اعلان کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکہ میںا یک سیاح فام نوجوان کے قاتل کی عدالت سے بریت کے خلاف ملک کے کئی شہروں میں مظاہرے ہوئے جبکہ عدالتی فیصلے کے بعد ملک میں نسلی تعصب پر مباحثے میں شدت آگئی ہے ۔ نیو یارک، سان فرانسسکو ‘ بوسٹن ‘ ڈیٹرائٹ اور شکاگو سمیت کئی شہروں میں عدالتی فیصلے کے خلاف مظاہرے کئے گئے جن میں ہزاروں افراد نے شرکت کی اور عدالتی فیصلے کو نسلی تعصب پر مبنی قرار دیا۔ امریکی شہر لاس اینجلس میں بھی مظاہرین نے سی این این کے دفتر کے باہر مظاہرہ کیا اور بعد میں پولیس نے 6 افراد کو غیر قانونی اجتماع کے الزام میں حراست میں لے لیا۔ عوامی احتجاج شروع ہونے کے بعد امریکی محکمہ انصاف نے کہا ہے کہ وہ ملزم کے خلاف شواہد کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ اس بات کا تعین کیا جا سکے کہ آیا ملزم کے خلاف وفاقی عدالت میں چارہ جوئی کی جاسکتی ہے یا نہیں ۔

ای پیپر دی نیشن