لاہور (نمائندگان) لاہور سمیت کئی شہروں میں بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ گذشتہ روز بھی جاری رہا جس کیخلاف شیخوپورہ، فیصل آباد سمیت کئی شہروں میں مظاہرے کئے گئے جبکہ سحر، افطار اور نماز تراویح کے دوران بھی لوڈشیڈنگ پر روزہ دار بلبلا اٹھے جبکہ گرمی اور حبس کے باعث جلالپور بھٹیاں اور بھلوال میں 2افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ کئی شہروں میں بجلی کے ساتھ پانی اور گیس کی بھی قلت رہی اور لوگ سراپا احتجاج بنے رہے۔ جلالپور بھٹیاں سے نامہ نگار کے مطابق محلہ اسلام پورہ کا رہائشی اور سبزی فروش مہندی حسن گذشتہ روز اپنی سبزی کی دکان پر بیٹھا تھا کہ اچانک گرمی حبس کی وجہ سے اس کی طبیعت خراب ہو گئی۔ طبی امداد کیلئے لے جایا جا رہا تھا کہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ بھلوال سے نامہ نگار کے مطابق ریلوے سٹیشن بھلوال کے قریب گرمی کے باعث ایک شخص رمضان دم توڑ گیا۔ فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق مظاہرےن نے ٹائروں کو آگ لگا کر جامع چشتےہ چوک کو ٹرےفک کےلئے بلاک کر دےا۔ لوگ 48گھنٹے بجلی سے محروم ہونے کے باعث بلبلا اٹھے اور واپڈا کے خلاف شدےد نعرے بازی کی۔ وہاڑی سے نامہ نگار کے مطابق غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا، روزے داروں نے شدید گرمی میں واپڈا کے خلاف احتجاج کیا۔ گجرات سے نامہ نگار کے مطابق شہر اور گردونواح کے متعدد علاقوں میں بدترین لوڈشیڈنگ پر لوگ بلبلا اٹھے۔ شیخوپورہ سے نامہ نگار خصوصی کے مطابق ہر ایک گھنٹہ کے بعد دو گھنٹے کی لوڈشیڈنگ میں شدید گرمی میں روزہ داروں کو مزید مشکلات میں مبتلا کر دیا ہے۔ بجلی کی اس لوڈشیڈنگ کے خلاف قیام پور فیڈر کے درجنوں صارفین نے ہاﺅسنگ کالونی میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور وفاقی حکومت اور لیسکو حکام سے مطالبہ کیا کہ دن کے اوقات میں بجلی کی لوڈشیڈنگ میں کمی کی جائے۔ مانگٹانوالہ سے نامہ نگار کے مطابق سحر اور افطار کے دوران بجلی کی بندش کا سلسلہ جاری ہے، ہر ایک گھنٹے بعد مسلسل چار سے پانچ گھنٹے تک بجلی بند کی جا رہی ہے، جس کی وجہ سے روزہ داروں کے ساتھ ساتھ کاروباری طبقے کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے، جس پر لوگ سراپا احتجاج بن گئے۔ آئی این پی کے مطابق بنوں میں مشتعل مظاہرین نے بنوں کوہاٹ روڈ ہر قسم ٹریفک کیلئے بند کر دی اور واپڈا دفاتر اور گرڈ سٹیشن ڈومیل پر پتھراﺅ اور ہوائی فائرنگ کی۔ مظاہرین نے ڈھول کی تھاپ پر روائتی انداز سے احتجاجی جلوس نکالا، جلوس میں علاقے کے نوجوانوں، بچوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ مشتعل مظاہرین نے ایس ڈی او سب ڈویژن ڈومیل کے دفتر پر پتھراﺅ کیا۔ مشتعل مظاہرین کا جلوس بعدازاں 220گرڈ سٹیشن ڈومیل کی طرف روانہ ہوئے جہاں پہنچ کر بنوں کوہاٹ روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا۔ اس موقع پر جلسہ جلوس کے دوران مشتعل مظاہرین ہوائی فائرنگ بھی کرتے رہے۔ مظاہرین نے بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے 24گھنٹے کی ڈیڈ لائن دی۔