حملوں کا جھوٹا الزام لگانے پر بھارت کیخلاف اقوام متحدہ میں کیس دائر کیا جائے

لاہور (کامرس رپورٹر+ خبرنگار) سابق بھارتی افسر کی جانب سے ممبئی حملوں کا ذمہ دار بھارت کو قرار دئیے جانے کے بعد کاروباری برادری نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ان حملوں کا ذمہ دار پاکستان کو ٹھہرانے پر بھارت کے خلاف اقوام متحدہ میں کیس دائر کرے اور حکومت پاکستان اُن تمام فورمز کا سختی سے محاسبہ کرے جنہوں نے ممبئی حملوں کا تعلق پاکستان سے جوڑنے کے لئے اپنی تمام قوتیں صرف کیں۔ اس امر کا اظہار آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی، فلور ملز ایسوسی ایشن کے سابق چیئرمین ڈاکٹر بلال اسلم صوفی، ایگری فورم پاکستان کے چیئرمین ابراہیم مغل، انجمن تاجران آٹو کے صدر وقار اے میاں، انجمن تاجران منٹگمری روڈ کے جنرل سیکرٹری وقار علی، لوہا مارکیٹ بادامی باغ کے تاجر فاروق عاقل نے کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں بھارتی افسر کے انکشاف نے بھارت کا اصلی چہرہ ساری دنیا کو دکھا دیا ہے اور ثابت کر دیا ہے اُس کا انسانیت سے کوئی تعلق نہیں۔ علاوہ ازیں بریگیڈئر ر اسلم گھمن نے کہا ہے کہ ہمسایوں سے اچھے تعلقات رکھنا اچھی بات ہے مگر اچھے تعلقات ملکی سالمیت، قومی یکجہتی اور خودمختاری کی قیمت پر نہیں رکھنے چاہئیں، بھارت ہم سے مخلص نہیں، اس نے ہمیشہ ہمارے خلاف سازش کی ہے۔ بھارتی ایجنسی کے تفتیشی افسر کے بیان سے ثابت ہو گیا کہ ممبئی حملے اور دہلی میں پارلیمنٹ پر حملہ بھارت نے خود کرایا تھا تاکہ کشمیر، منی پور میں علیحدگی کی تحریکوں کو دنیا کی نظروں سے اوجھل رکھا جا سکے اور ان تحریکوں کو کچلنے کیلئے سخت قوانین بنائے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ نائن الیون کی طرح بھارت نے ممبئی حملوں کی جعلی سٹوری بنائی تھی۔

ای پیپر دی نیشن