مصر: فوج کارروائی، 25 دہشت گرد ہلاک، داعش سے منسلک گروپ کا بحری جہاز پر میزائل حملہ، آگ لگ گئی

Jul 17, 2015

قاہرہ (اے پی پی+ بی بی سی) مصر کی مسلح افواج نے25 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیاہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق فوجی ذرائع نے بتایا کہ سینا میں واقع شیخ زوید کے جنوب میں انصار بیت المقدس نامی تنظیم کے ایک بڑے حملے کو ناکام بنایا گیا مسلح افواج نے شیخ زوید میں پولیس عمارت پر اس گروہ کے حملے کو ناکام بنا دیا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق اس حملے میں پچیس دہشت گرد ہلاک جبکہ تیس دیگر زخمی ہوئے۔ شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ سے منسلک ایک تنظیم نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے بحیرۂ روم میں مصری بحریہ کے ایک جہاز کو میزائلوں سے نشانہ بنایا ہے۔ سینائی پرووینس نامی تنظیم نے انٹرنیٹ پر اس حملے کی تصاویر جاری کی ہیں جن میں بظاہر ایک میزائل اور پھر جہاز پر دھماکہ ہوتا دیکھا جا سکتا ہے۔ مصری حکام کا کہنا ہے کہ کوسٹ گارڈ کے اس بحری جہاز پر شدت پسندوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے کے بعد آگ لگ گئی۔ مصری فوج کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں کوئی ہلاکتیں نہیں ہوئی ہیں جو کہ شدت پسندوں کے دعوے کے برعکس ہے۔ بم دھماکے اور پراسیکیوٹر کے قتل کے بعد قاہرہ کے پولیس چیف جنرل اسامہ بدیر کو برطرف کر دیا گیا۔

مزیدخبریں