لاہور + بہاولنگر (نامہ نگاران + نمائندہ نوائے وقت) گرمی میں طویل لوڈشیڈنگ پر لوگ نڈھال ہوگئے جبکہ کاروبار شدید متاثر ہوئے، کئی علاقوں میں پانی کی بھی شدید قلت رہی، بدترین لوڈ شیڈنگ کیخلاف بہاولنگر میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور مظاہرین نے سڑک بلاک کردی اور شدید نعرے بازی کی۔ تفصیلات کے مطابق لوڈشیڈنگ کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا اور گرمی میں لوڈ شیڈنگ پر لوگ نڈھال ہوگئے۔ بہاولنگر سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ اور وولٹیج کم ہونے کے باعث شہریوں اور دیہاتیوں نے ہارون آباد مین روڈ نزد اڈاکھاٹاں کے قریب واپڈا اور مقامی ایم این اے کیخلاف شدید احتجاج کیا، مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اُٹھا رکھے تھے جن پر نعرے درج تھے۔ مقامی پولیس نے موقع پر پہنچ کر بڑی مشکل سے مشتعل عوام کو منتشر کیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ہارون آباد روڈ اڈا کھاٹاںکے قریب دیہاتیوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور وولٹیج کی کمی کی وجہ سے روڈ بلاک کر دی اور شدید احتجاجی مظاہرہ کیا۔ منڈی احمد آباد سے نامہ نگار کے مطابق شدید گرمی میں بجلی کی طویل غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے روزہ داروں اور شہریوں کا جینا محال کردیا۔ بجلی مسلسل آٹھ نو گھنٹے بند رہنے سے گھروں اور مساجد میں پانی ختم ہوگیا، شہریوں نے شدید احتجاج کیا ہے جبکہ بھلوال، چکوال، تاندلیانوالہ اور ملکوال میں بھی طویل لوڈشیڈنگ سے لوگ عاجز آگئے۔ سرائے مغل سے نامہ نگار کے مطابقغیر اعلانیہ طویل لوڈ شیڈنگ سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا، مساجد میں پانی نایاب ہوگیا جس پر لوگوں نے احتجاج کیا ہے۔ سرائے مغل اور گردونواح میں سینکڑوں دیہات میں بجلی کی غیر اعلانیہ طور پر کئی کئی گھنٹے بجلی بند رہی جس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔ مساجد اور گھروں میں بھی پانی دستیاب نہ ہونے سے لوگ واپڈا کو بد دعائیں دیتے رہے۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ نماز تراویح کے علاوہ سحری و افطاری کے دوران بھی بجلی کئی کئی گھنٹے بند رہی جس پر لوگ سراپا احتجاج بن گئے۔