کوئٹہ + پشاور (بیورو رپورٹ + ایجنسیاں + نوائے وقت) دہشتگردی میں ملوث فراری کمانڈر نے اپنے 4 ساتھیوں سمیت ہتھیار ڈال دئیے۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کی صبح ضلع ڈیرہ بگٹی کی تحصیل سوئی میں دہشتگردی میں ملوث فراری کمانڈر طور خان بگٹی نے اپنے چار ساتھیوں سمیت سوئی ہاؤس میں ایک تقریب کے دوران ہتھیار ڈال دئیے۔ اس موقع پر فوجی اعلیٰ اور دیگر افراد موجود تھے۔ طور بگٹی نے اس موقع پر کہا کہ وہ کافی عرصہ سے دہشتگردی کے واقعات میں ملوث رہا خاص طور پر گیس پائپ لائن، ریلوے ٹریک اور بجلی ٹاوروں کو اڑانے میں ملوث رہا ہے تاہم اب میں ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے مل کرکام کروں گا۔ جن لوگوں نے مجھے اپنے مقصد کیلئے استعمال کیا تھا وہ لوگ محب وطن نہیں ہے۔ وہ کسی کے ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں۔ علاوہ ازیں فرنٹیئر کور اور حساس اداروں کے اہلکاروں نے پنجگور کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے کمانڈر کو گرفتار کر لیا۔ مذکورہ کمانڈر عرصہ دراز سے پنجگور اور ملحقہ علاقوں میں تخریبی کارروائیوں میں ملوث تھا۔ ادھر لورالائی میں کوئلہ کان میں پھنسے ہوئے 5 کان کنوں کو فرنٹیئر کور کے عملے نے ریسکیو کرکے باحفاظت نکال لیا۔ اطلاعات کے مطابق گزشتہ شب لورالائی کے علاقے میں 6 کان کن مقامی کان سے کوئلہ نکال رہے تھے کہ اچانک تودہ گرنے سے اس میں پھنس گئے۔ علاوہ ازیں فرنٹئیر کور کے عملے نے حب کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے ہزاروں لیٹر ایرانی ڈیزل سمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 43 ہزار لیٹر سے زائد ڈیزل برآمد کر لیا۔ ادھر حساس اداروں نے کارروائی کر کے سربند اور متنی سے 3 دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا۔ دہشتگردوں سے اسلحہ، بارود، مواد برآمد کر لیا۔ دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔ علاوہ ازیں شب قدر میں نامعلوم دہشت گردوں نے پولیس وینپر دستی بم سے حملہ کر دیا۔ پولیس کے مطابق دستی بم کے حملے میں اہلکار سمیت 6 افراد زخمی ہوئے جن کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔