اسلام آباد (آن لائن) پیپلز پارٹی نے بھٹو ازم کو پارٹی کے اندر مضبوط کرنے کیلئے فاطمہ بھٹو سے رابطہ کیا ہے تاہم بلاول بھٹو زرداری اور فاطمہ بھٹو کے درمیان پارٹی کی چیئرمین شپ کیلئے اتفاق رائے نہیں ہو سکا۔ باخبر ذرائع کے مطابق پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کے سینئر رہنمائوں سے مشاورت کے بعد اپنی خالہ صنم بھٹو کے ذریعے مرتضی بھٹو کی صاحبزادی فاطمہ بھٹو سے رابطہ کیا تھا اور انہیں سیاسی جدوجہد مل کر شروع کرنے کی پیشکش کی۔ ذرائع کے مطابق فاطمہ بھٹو کی طرف سے پی پی پی کی چیئرپرسن بننے کی خواہش کا اظہار کیا گیا تو بلاول بھٹو نے اسے قبول نہیں کیا البتہ دونوں خاندانوں کے درمیان یہ تجویز بھی سامنے آئی کہ صنم بھٹو کو پارٹی کی چیئرپرسن مقرر کر دیا جائے مگر صنم بھٹو نے یہ عہدہ قبول کرنے سے انکار کر دیا۔