میانمار سمیت تمام مظلوم مسلمانوں کی مدد کرنا اْمہ پر فرض ہے: حافظ سعید

Jul 17, 2015

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعۃالدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ میانمار سمیت تمام مظلوم مسلمانوں کی مددکرنا مسلم اْمہ پر فرض ہے۔ جماعۃ الدعوۃ انڈونیشیا میں پناہ گزین برمی مہاجرین میں عید پیکیج تقسیم کر رہی ہے۔ متاثرین کیلئے سحروافطار کے ساتھ ساتھ شیلٹرز ہوم کی تعمیر کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ فلاح انسانیت فائونڈیشن کے ذمہ داران عیدالفطر کے ایام میانمار کے مہاجرین کے ساتھ گزاریں گے۔ عید الفطر پر مہاجر کیمپوں میں خصوصی کھانے کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔ ہم میانمارکے مسلمانوں کی امداد کرکے انہیں اپنے پائوں پر کھڑا دیکھنا چاہتے ہیں۔ وہ مرکز القادسیہ چوبرجی میں میانمار کے مسلمانوں کے نمائندہ وفد کو عید پیکیج اور نقد امداد کی فراہمی کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے۔ حافظ سعید نے کہا رمضان المبارک میں انڈونیشیا ہجرت کر کے آنے والے میانمار کے مسلمانوں کے کیمپوں میں ہزاروں افراد کے سحر وافطار کا بندوبست کیا گیا۔ اب تک مجموعی طور پر ایک کروڑ روپے سے زائد کا امدادی سامان برمی مہاجرین میں تقسیم کیا جا چکا ہے جس میں خشک راشن، برتن، بستر، چولہے و دیگر گھریلو سامان، فرسٹ ایڈ کٹس اور واٹر ڈسپنسر وغیرہ شامل تھے۔ انڈونیشیا میں جماعۃالدعوۃ 50 لاکھ روپے مالیت سے 120شیلٹر ہوم (عارضی گھر) بنا کر میانمار کے مسلمانوں کے حوالے کرچکی ہے۔ اسی طرح مہاجر کیمپوں میں مساجد کی تعمیر کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ انہوں نے کہاکہ جماعۃالدعوۃ انڈونیشیا میں برمی مسلمانوں کیلئے ایک ہزار سے زائد شیلٹر ہوم بنانے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ عید الفطر کے ایام اور بعد میں بھی امدادی سرگرمیاں جاری رکھی جائیں گی۔روہنگیا سالڈیریٹی آرگنائزیشن(آر ایس او) کے پاکستان میں نمائندہ نور حسین اراکانی نے حافظ محمد سعید کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ میانمار کے مسلمانوں کیلئے فلاح انسانیت فائونڈیشن کی خدمات لائق تحسین ہیں۔

مزیدخبریں