ملک ریاض حسین کا عید کے بعد منظم بلیک میلرز کے گروہ کو بے نقاب کرنے کا اعلان

اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) معتبر ذرائع کے مطابق ملک ریاض حسین نے فیصلہ کیا ہے ان کو عرصہ دراز سے بلیک میل کرنے والے مافیا کے متعلق وہ حیرت انگیز حقائق سامنے لائیں گے۔ منظم گروہ کی کرپشن اور بلیک میلنگ سے متعلق مضبوط شہادتوں کے علاوہ ویڈیو ریکارڈنگز بھی منظرعام پر لائی جائیں گی۔ یہ گروہ معزز عدلیہ، میڈیا اور معتبر اداروں کو اپنے مذموم مقاصد کیلئے استعمال کررہا ہے۔ ان سازشی عناصر کے ہاتھوں استعمال ہونے والی معزز عدالتوں اور معتبر اداروں کو بھی سوچنا چاہیے وہ فیصلہ کرلیں کہ وہ کیوں ان عناصر کے ہاتھوں استعمال ہو رہے ہیں۔ ملک ریاض حسین نے اس ضمن میں بیان جاری کرتے ہوئے کہا انہیں فخر ہے انہوں نے ہمیشہ پاکستان میں ہی سرمایہ کاری کی ہے اور ملکی مفاد کو ذاتی مفاد پر مقدم رکھا ہے۔ انہوں نے کہا ہم اللہ کے فضل سے عوام کی خدمت کررہے ہیں اور پاکستان کو بہترین بنانے کے مقصد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ انہوں نے کہا یہ المیہ ہے پاکستانی ادارے کو کوئی گروہ منظم جرائم کا نشانہ بنائے کچھ عناصر ہمیں مسلسل 5-6 سالوں سے بلیک میل کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا عید کے فوراً بعد پہلے مرحلے کے طور پر ہم ان جرائم پیشہ عناصر کی اہم دستاویزات اور ویڈیو ریکارڈنگز منظرعام پر لائیں گے۔

ای پیپر دی نیشن