لاہور( نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ بعض سیاسی عناصر غیر جمہوری طرز عمل سے قوم کو یرغمال نہیں بنا سکتے ، الزام تراشی کے ماہر ایک سیاستدان نے جھوٹ بولنے کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ، بیان میں انہوں نے کہا کہ عوام دھرنوں اور لانگ مارچ سے لا تعلق رہے۔ پاکستانی عوام صرف ملک کی ترقی اور خوشحالی چاہتی ہیں۔ شہباز شریف نے کہا عوام نے مسلم لیگ ن کو خدمت خلق کا مینڈیٹ دیا ہے، بعض سیاسی عناصر اس جمہوری طرز عمل کو یرغمال نہیں بنا سکتے، ہمارا جینا مرنا عوام کے ساتھ تھا، ہے اور رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہعوام کی ترقی کا سفر روکنے والے عوام پر رحم کریں۔ ہم عوام کی بے لوث خدمت کریں گے ۔ انہوں نے کہا عوام نے خدمت خلق، کا مینڈیٹ دیا ہے، اربوں کے ڈاکے ڈالنے والوں سے قوم بخوبی آگاہ ہے۔ دھرنے والوں نے معیشت کو نقصان پہنچانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ عوام کی قسمت بدلنے کیلئے ہم نے انقلابی اقدامات کئے ہیں۔ کرپٹ ٹولے کی لوٹ مار سے ادارے تباہی کے دہانے پر پہنچے۔ قوم کے اربوں روپے ہڑپ کرنے والے آج پارسائی کے دعویدار ہیں۔ توانائی حبران کے خاتمے کیلئے ہم نے دن رات ایک کر رکھا ہے۔ بعض عناصر ملک کو ترقی کی منزل سے دور کرنا چاہتے ہیں۔
شہباز شریف
اربوں ہڑپ کرنے والے پارسائی کے دعویدار بنے ہیں‘ ایک سیاستدان نے جھوٹ بولنے کے ریکارڈ توڑ ے: شہباز شریف
Jul 17, 2017