اسلام آباد (آن لائن) فیڈرل بورڈ آف ریونیونے عالمی بینک کے تعاون سے ٹیکس چوروں کا سراغ لگانے کیلئے آسٹریلیا کی طرز پر پاکستان میںآٹومیٹڈ رسک مینجمنٹ سسٹم کے پائلٹ پروجیکٹ کا ابتدائی مسودہ تیار کرلیا ہے۔تاہم ابھی اس پر بہت سا کام ہونا باقی ہے جس کے بعد اس پائلٹ پروجیکٹ کو حتمی شکل دیکر چیئرمین ایف بی آر کو بھجوایا جائے گا۔ایف بی آر کی ٹیم عالمی بینک کے تعاون سے پاکستان کیلئے رسک مینجمنٹ سسٹم کا سافٹ ویئر بھی تیار کر رہی ہے، اس سافٹ ویئر کی تیاری کے بعد پائلٹ پروجیکٹ کو نافذالعمل کیا جائیگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عالمی بینک کے تعاون سے ٹیکس چوروں کا سراغ لگانے کیلئے مختلف شعبوں کیلئے الگ الگ پیرامیٹرز متعارف کرائے جائیں گے اور ہر شعبے کیلئے الگ الگ سافٹ ویئر ہوگا جس کے ذریعے مطلوبہ صلاحیت سے کم ٹیکس دینے والوں کی نشاندہی ہوسکے گی۔
ٹیکس چوروں کا سراغ لگانے کیلئے آسٹریلیا طرز کا نظام لانے پر غور‘ ایف بی آر نے مسودہ تیار کر لیا
Jul 17, 2017