استعفے دیکر اسمبلی واپسی کی بھیک مانگنے والے نوازشریف سے مطالبہ کر رہے ہیں‘ کوئی شرم ہوتی ہے: وزراء

سیالکوٹ، اسلام آباد(نامہ نگار+نیوز ایجنسیاں+نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر دفاع اور پانی و بجلی خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اپوزیشن پارٹیاں اپنے اپنے مفادات کی جنگ لڑ رہی ہیں، کچھ انتخابات کا مطالبہ کر رہے ہیں اور کچھ استعفے کا، جے آئی ٹی کی رپورٹ کو سپریم کورٹ میں چیلنج کریں گے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ وزیراعظم مخالف دھڑوں کے کہنے پر استعفیٰ نہیں دیں گے۔ دو اڑھائی سال قبل ان لوگوں نے اسمبلیوں میں استعفے دیئے، سپیکر کو کہا گیا کہ یہ منظوری کیلئے نہیں اور بعد میں وہی ہوا کہ گھنٹوں کے بل معافیاں مانگتے ہوئے واپس آئے اور اب یہی لوگ وزیراعظم سے استعفیٰ مانگ رہے ہیں۔ وزارت عظمیٰ نوازشریف کو ان لوگوں نے نہیں دی بلکہ عوام نے دی ہے۔ بیرونی طاقتیں گوادر اور سی پیک پر بری طرح اثر انداز ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2018ء میں میدان بھی حاضر ہوگا اور گھوڑا بھی سب لوگ دوڑ لگا کر دیکھ لیں، کامیاب مسلم لیگ (ن) ہی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ میں کافی حد تک کمی ہوئی ہے۔ قبل ازیں ایک ٹوئیٹ میں خواجہ آصف نے کہا کہ استعفیٰ دینے کے بعد واپسی کیلئے منتیں کرنے والے نوازشریف سے مطالبہ کررہے ہیں، کوئی شرم ہوتی ہے کوئی حیا ہوتی ہے۔ وزیر مملکت برائے کیڈ طارق فضل چودھری اور کیپٹن (ر) صفدر نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں علاقے کی ترقی کیلئے ریکارڈ ترقیاتی کام ہوئے، کراچی کا امن اور دہشت گردی کا خاتمہ نوازشریف کے ایجنڈے میں شامل ہے، سیاسی مخالفین نے سڑکیں ناپنے اور انتشار کی سیاست کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔ عمران خان کی ہتھیلی پر وزیراعظم بننے کی لائن نہیں۔ وہ اتوار کو اسلام آباد میں سوئی گیس فراہمی کے منصوبے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر آصف کرمانی نے کہا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف کہیں نہیں جا رہے، کچھ لوگ نوازشریف فوبیا میں پاگل خانے ضرور پہنچ جائیں گے۔ یہ طوطا فال قسم کے سیاستدان 2018ء میں بھی شرمندہ ہوں گے۔ طلال چودھری نے کہا ہے کہ پانچ سال میں عمران خان نے ہر روز نیا جھوٹ بولا، انشاء اللہ سچ کا بول بالا ہوگا، پاکستان میں سازش ہوتی رہی عمران خان بتائیں دھرنے کا امپائر کون تھا۔ سپریم کورٹ کو کسی کی حمایت کی ضرورت نہیں وہ آئینی ادارہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ایسے ظاہر کرتے ہیں کہ وہ جے آئی ٹی کے ترجمان ہیں۔ احسن اقبال نے کہا ہے کہ عوام مسلم لیگ (ن) کے ساتھ ہیں، منتخب جمہوری حکومت کو گھر بھیجنے کی سازش کامیاب نہیں ہو سکتی ہے، کابینہ کے اراکین پوری پارٹی نے وزیراعظم کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔وزیراعظم کے مشیر امیر مقام نے کہا ہے کہ پاکستان کے دشمن پاکستان کی ترقی میں سپیڈ بریکیر لگانا چاہتے ہیں مائنس نوازشریف کی بات کرنے والے خود مائنس ہوں گے۔ پشاور میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان لوگوں کا جذبہ دیکھنا چاہئے کہ کس طرح بیٹ کو مسترد کر رہے ہیں۔ وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ انشاء اللہ وزیراعظم نوازشریف کہیں نہیں جائیں گے بلکہ عمران خان پاگل خانے ضرور جائیں گے ۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...