سری نگر (نیوز ڈیسک+ایجنسیاں) مقبوضہ کشمیر کے علاقے بانہال کے قریب امرناتھ یاتریوں کی بس بے قابو ہو کر کھائی می جا گرنے سے 16یاتری ہلاک اور 26شدید زخمی ہو گئے۔ بتایا گیا ہے کہ جموں و کشمیر ٹرانسپورٹ سروس کی بس جموں سے یاتریوں کو لے کر امرناتھ کی طرف جا رہی تھی کہ ڈرائیور کو نیند آنے پر بس کھائی میں گر گئی یاتریوں کو مقامی مسلمانوں کی بڑی تعداد نے جذبہ ایثار کے مظاہرہ کرتے ہوئے طبی امداد دی اور امدادی کارکنوں کے ساتھ مل کر قریبی ہسپتالوں میں داخل کرایا۔ دریں اثناء ترال میں گزشتہ روز فرضی جھڑپ میں شہید کئے جانیوالے تینوں نوجوانوں ممتاز احمد لون، پرویز احمد میر اور انکے ساتھی کو سپرد خاک کردیا گیا۔ اس موقع پر مکمل ہڑتال رہی ، تمام کاروباری ادارے‘ بازار بند اور ٹرانسپورٹ معطل رہی‘ نماز جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی ۔ ستورہ میں بھارتی فوج پر مظاہرین نے پتھرائو کیا جس میں فوج نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے درجنوں آنسو گیس کے گولے داغنے کے علاوہ پیلٹ گن کا استعمال کیا ۔ جھڑپوں میں 15نوجوان پیلٹ گن، لاٹھی چارج اور شیلنگ سے زخمی ہوگئے۔ شہداء کی میتوں کو سبز ہلالی پرچم میں لپیٹا گیا تھا۔ اس موقع پر جنازے کے شرکاء نے آزادی اور اسلام کے حق میں شدید نعرے بازی کی۔ تدفین کے بعد نوجوانوں کی بڑی تعداد نے بھارتی فورسز کے خلاف احتجاج کیا۔ دریں اثناء جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک جو 3 روز سے سرینگر سنٹرل جیل میں قید تھے کو ضمانت پر رہا کردیا گیا۔ انہوں نے بھارتی فوج کے ہاتھوں شہید ہونیوالے نوجوانوں سجادگولکر ، عاقب گل اور جاوید شیخ کے گھروں میں جا کر ان کے والدین اور گھر والوں سے اظہار یکجہتی اور اظہار ہمدردی کیا۔ علاوہ ازیں اننت ناگ میں پولیس نے بھارتی فورسز پر پتھراو کے الزام میں 12سالہ لڑکے سمیت 14نوجوانوں کیخلاف مقدمہ درج کر کے انہیں گھروں سے گرفتار کر لیا ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ بدلتے ہوئے عالمی منظر نامے میں کشمیر ایک فلیش پوائنٹ بنتا جارہا ہے اور اس کے حدود واربعہ میں وُسعت پیدا ہوتی جارہی ہے۔ انہوں نے چین کے کشمیر میں ہاتھ ڈالنے کے معاملے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ تنازعہ کشمیر کے حل میں مزید تاخیر خطرناک پیچیدگیوں کا باعث بن سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چین دنیا کی ایک بڑی اور متبادل طاقت کے طور پر اُبھررہا ہے اور اس نے مغرب کے مقابلے میں اپنی حیثیت کو منوالیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین کی سرحدیں بھارت اور پاکستان دونوں کے ساتھ ملتی ہیں لہٰذا وہ ان کے درمیان جاری کشیدگی اور مخاصمت میں زیادہ دیر تک غیر جانبدار نہیں رہ سکتا۔ انہوں نے کہا کہ تنازعہ کشمیرکا حل طلب ہونا ویسے بھی خطے کے لیے بہت مہنگا ثابت ہوتا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے اندر جو آتش فشانی فضا تیار ہورہی ہے اس کو محض دیا سلائی دکھانے کی دیر ہے۔ سید علی گیلانی نے اننت ناگ کے علاقے ریشی صاحب میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں جامع مسجد کی بے حرمتی ، مسجد کے اندر گُھس کر سامان کی توڑ پھوڑ ، نمازیوں کو تشدد کا نشانہ بنانے اور کم سن بچوں کو گرفتار کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقدس مقامات کو جارحیت کا نشانہ بنانا ناقابل برداشت ہے اور اس کے خلاف شدید ردّعمل سامنے آسکتا ہے۔
مقبوضہ کشمیر: امرناتھ یاتریوں کی بس کھائی میں جا گری‘16 یاتری ہلاک‘26 زخمی
Jul 17, 2017