حقیقی لیگیوں کے جمع ہونے کا وقت آ گیا، جمہوریت نوازشریف کی رجسٹرڈ پارٹی نہیں: شجاعت

Jul 17, 2017

لاہور(خبر نگار) ق لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے تمام مسلم لیگی اپنی اصل جماعت پاکستان مسلم لیگ میں واپس آ جائیں، ’’جمہوریت‘‘ نوازشریف کی رجسٹرڈ پارٹی ہے اور نہ ہی نوازشریف کی کرپشن اور عوام کو دھوکہ دینے کا نام جمہوریت ہے، جمہوریت کے ضامن پاکستان کے عوام اور آئینی ادارے ہیں، ہم قومی اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں، نوازشریف کے استعفیٰ پر اپوزیشن متفق ہے، تمام مسلم لیگیوں کو اکٹھا کرنے کیلئے ہر صوبے میں جائیں گے۔ وہ اپنی رہائش گاہ پر اعلیٰ سطحی اجلاس کے بعد پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہا سپریم کورٹ میں پانامہ کیس کا مثبت فیصلہ متوقع ہے، اجلاس نے انہیں پارٹی کی جانب سے موجودہ سیاسی صورتحال کے حوالے سے کوئی بھی فیصلہ کرنے کا مکمل اختیار دیا ہے، مسلم لیگی ہونے کے ناطے ہمارا فرض ہے کہ ہم اپنا مثبت کردار ادا کریں، اس سلسلے میں چاروں صوبوں کے دورے کر کے مسلم لیگیوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کی کوشش کروں گا۔ اظہاریکجہتی اور مسلم لیگ کی نمائندگی کیلئے آج سپریم کورٹ جائیں گے۔ قبل ازیں اجلاس میں ایک متفقہ قرارداد کے ذریعہ مطالبہ کیا گیا کہ نوازشریف قوم کی آواز پر دھیان دیں اور جے آئی ٹی رپورٹ کے بعد فوری طور وزارتِ عظمیٰ کے عہدہ سے مستعفی ہو جائیں۔ قرارداد میں جے آئی ٹی کی جامع تحقیق اور مفصل رپورٹ پیش کرنے کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا گیا کہ رپورٹ میں ثبوتوں اور دیگر دستاویزات کے سامنے آنے کے بعد اس میں کوئی شبہ نہیں رہا کہ میاں نوازشریف اور ان کا خاندان منی لانڈرنگ، جعلسازی، اختیارات کے ناجائز استعمال، پاکستانی خزانے کی لوٹ کھسوٹ جیسے سنگین جرائم میں ملوث ہیں اور وہ اقتدار میں رہنے کا جواز کھو بیٹھے ہیں۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق شجاعت حسین نے کہا حقیقی لیگیوں کے جمع ہونے کا وقت آ گیا ہے۔

مزیدخبریں