ملک کو بحران سے نکالنے کا واحد حل اداروں کی مضبوطی ہے: فضل الرحمن

Jul 17, 2017

کراچی ، لاہور (نیوز رپورٹر+ آن لائن) جمعیت علماء اسلام کے امیر مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ملک کو موجودہ بحران سے نکالنے کا واحد حل یہ ہے کہ ریاستی اداروں کو مضبوط کیا جائے۔ پاکستان اسلام کے مقدس نام پر حاصل کیا گیا تھا اور اسلام ہی اس ملک کا مقدر ہے۔ اسلام گولی اور تشدد سے نہیں جمہوری جدوجہد کے ذریعہ آسکتا ہے۔ جمعیت علماء اسلام صد سالہ عالمی اجتماع کے بعد نئی حکمت عملی اور منصوبہ بندی کے ساتھ عوام کو منظم کریگی۔ وہ جمعیت علماء اسلام بزنس فورم سندھ کے صدر بابر قمر عالم کی رہائشگاہ پر عید ملن پارٹی سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام کی اعتدال کی پالیسی کا نتیجہ ہے کہ این اے 260 کوئٹہ کے ضمنی انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیاب ہوئی ہے جبکہ یہ نشست جمعیت علماء اسلام کی نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی یہ ہوتی ہے کہ جہاں نئے پاکستان اور تبدیلی کے علمبردار مقابلہ میں نہیں گنتی میں بھی نہیں رہے۔ جمعیت علماء اسلام 2018ء کے انتخابات میں ملک کی سب سے بڑی قوت بن کر ابھرے گی۔علاوہ ازیں جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی سے تفصیلی ملاقات کی جس میں دونوں رہنمائوں نے جمہوریت کیخلاف ہر سازش کا مقابلہ ملکر کرنے پر اتفاق کیا۔ علاوہ ازیں دونوں جماعتوں میں ملکر الیکشن لڑنے کا فارمولا بھی طے کیا گیا۔ ملاقات میں دینی جماعتوں کے اتحاد، مجلس عمل کی بحالی پر بھی اتفاق کیا گیا۔

مزیدخبریں