لاہور/ اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+ وقائع نگار خصوصی) مذہبی، سیاسی و کشمیری جماعتوں کے قائدین اورمتحدہ جہاد کونسل کے کمانڈروں نے دفاع پاکستان کونسل کی شہدائے کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مضبوط، غیر مقروض، ناقابل تسخیر پاکستان کشمیریوں کی آزادی کا ضامن ہے۔ جدوجہد آزادی کشمیر سے غداری کرنے والوں کا بھی احتساب ہونا چاہئے۔ کشمیریوں سے ہمارا ایمان اور کلمہ کا رشتہ ہے۔ بھارت کتنے وانی مارے گا کشمیر کا بچہ بچہ برہان وانی بنے گا، حافظ محمد سعید کو نظربند کرکے کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی کی گئی۔ کشمیری غیور قوم ہے جس نے ہمیشہ سینے پر گولی کھائی۔ دفاع پاکستان کونسل کے تحت پرسوں کو لاہور میں شہداء کشمیر کانفرنس ہو گی۔ کشمیریوں نے اقوام متحدہ کے چارٹر کے عین مطابق بندوق اٹھائی۔ کشمیر کے حوالہ سے حکومت اپنی دوٹوک پالیسی واضح کرے۔ حافظ محمد سعید کی نظربندی اور صلاح الدین کو دہشت گرد قرار دینے سے تحریک آزادی کمزور نہیں ہو گی، مودی سن لے اب کشمیر کی آزادی قریب ہے۔ پاکستان کتنے حافظ سعید نظربند کرے گا پاکستان کا بچہ بچہ حافظ سعید بن چکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق، جماعۃ الدعوۃ کے مرکزی رہنما پروفیسر حافظ عبدالرحمان مکی، متحدہ جہاد کونسل کے سپریم کمانڈر سید صلاح الدین،ظفر علی شاہ، پیر سید ہارون علی گیلانی، مولانا فضل الرحمان خلیل، شیخ جمیل الرحمان، خرم نواز گنڈا پور، احمد رضا قصوری، جنرل عبداللہ، محمد عثمان، محمود احمد ساگر، مولانا عبدالجلیل نقشبندی، حافظ عبدالغفار روپڑی، مولانا سیف اللہ خالد، قاری یعقوب شیخ، سید یوسف شاہ، عبداللہ حمید گل، شفیق الرحمان، مولانا بشیر احمد خاکی، سید عبدالوحید شاہ، اجمل خان بلوچ، راجہ ظفر اقبال، سید فقیرحسین بخاری و دیگر نے اسلام آباد مرکز قبا آئی ایٹ سے متصل گرائونڈ میں دفاع پاکستان کونسل کے زیراہتمام منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کشمیریوں سے رشتہ کیا لاالہ الااللہ، کشمیر بنے گا پاکستان، سید علی گیلانی سے رشتہ کیا لاالہ الااللہ، حافظ محمد سعید کا کیا پیغام، کشمیر بنے گا پاکستان و دیگر نعرے لگائے گئے۔ مولانا سمیع الحق نے کہا کشمیریوں کو آج کی کانفرنس کے ذریعے پیغام دیتے ہیں پاکستانی قوم ان کے ساتھ ہے، کشمیر، اسلام کی حفاظت کے لئے ہماری جانیں حاضر ہیں۔ پاکستان میں پچھلے ایک سال سے چور چور کا شور ہے، پانامہ کے مقدمے چل رہے ہیں، کوئی چور ثابت ہو تو وہ نااہل ہو جاتا ہے اسے وزارت عظمیٰ سے ہٹا دینا چاہئے۔ امریکہ و بھارت نے اعتراف کر لیا وہ صلاح الدین سے ڈرتے ہیں۔ علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق و دیگر قید ہیں،حافظ محمد سعید بھی کشمیر کی وجہ سے قید ہیں۔ سید صلاح الدین نے کہا کہ سامراجی طاقتوں، اسلام دشمن قوتوں کو خوش کرنے کے لئے حافظ محمدسعید کو نظربند کیا گیا، ہم حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں انہیں رہا کیا جائے۔ غزوہ ہند کے نتیجے میں نہ صرف کشمیر آزاد ہو گا بلکہ برصغیر کا نقشہ بدل جائیگا۔ سابق سینیٹر ظفر علی شاہ نے کہا وزیراعظم کو کہتا ہوں حافظ محمد سعید کو چوبیس گھنٹے میں رہا کیا جائے۔ سید ہارون علی گیلانی نے کہا کشمیر پاکستان کی شہہ رگ تھی، ہے اور رہے گی۔ انصار الامۃ کے امیر مولانا فضل الرحمان خلیل نے کہا حافظ محمد سعید نے سال2017کو کشمیر کے نام کیا تو مودی نے امریکہ کے ذریعہ دبائو ڈلوا کر حافظ محمد سعید کو نظربند کروایا۔ شیخ جمیل الرحمان نے کہا حکمران سن لیں کشمیر مذاکرات، ڈپلومیسی سے نہیں بلکہ جہاد سے آزاد ہو گا۔ خرم نواز گنڈا پور نے کہا بدقسمتی سے حکمران کشمیری ہونے کے باوجود کشمیر کا سودا کر رہے ہیں۔ احمد رضا قصوری نے کہا کشمیر کے حوالہ سے حکومت کا قبلہ درست کرنے کی ضرورت ہے۔ جنرل عبداللہ، عثمان نے کہا کہ کشمیری تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ پاکستان فیصلہ کن کردار ادا کرے۔ مولانا عبدالجلیل نقشبندی نے کہا کشمیری تحریک آزادی کو کامیابی کی منزل کی جانب لے جا رہے ہیں۔ حافظ عبدالغفار روپڑی نے کہا 2017کشمیر کی آزادی کا سال ہے۔ قاری یعقوب شیخ، عبداللہ حمید گل نے کہا مجھے فخر ہے دین والوں کے ساتھ کھڑا ہوں۔ یوسف شاہ، مولانا سیف اللہ خالد، شفیق الرحمان، مولانا بشیر احمد خاکی، سید عبدالوحید شاہ، اجمل خان بلوچ، راجہ ظفر اقبال، فقیر حسین بخاری نے کہا کشمیریوں کے ساتھ رشتہ لازم و ملزوم ہے۔