عوام کوتعلیم ،صحت سمیت بنیادی ضروریات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے‘ ڈاکٹر عبد القدیر

لاہور( این این آئی)ممتاز ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبد القدیر خان نے کہا ہے کہ بے پناہ وسائل موجود ہونے کے باوجود ملک و قوم کی حالت نہ بدلنا لمحہ فکریہ ہے ، حکومت اگر عوام سے ٹیکسز وصول کرتی ہے تو انہیں تعلیم ،صحت اور پینے کے صاف پانی سمیت بنیادی ضروریات کی فراہمی اولین ترجیح ہونی چاہیے ۔ ایک انٹر ویو میںانہوںنے کہا کہ عوام کو آئندہ عام انتخابات میں اپنے سیاسی شعو رکا مظاہرہ اور اپنے ووٹ کا صحیح استعمال کرنا ہوگا۔ انتخابات میں ایماندار اور پڑھے لکھے لوگوں کا انتخاب کیا جائے تاکہ یہ لوگ ایوانوں میں پہنچ کر پسے ہوئے طبقات کی نمائندگی کا حق ادا کریں ۔انہوںنے مزید کہا کہ پاکستان وسائل سے مالا مال ملک ہے لیکن بد قسمتی سے ان سے استفادہ نہیں کیا جا سکا ۔آج دنیا کے کئی ممالک ان وسائل پر نظریں جمائے ہوئے ہیں لیکن ہماری حکومتیں آنکھیں بند کر کے بیٹھی ہیں۔ انہوںنے کہا کہ اگر پاکستان میںموجود وسائل سے استفادہ کیا جائے تو ہمیں دنیا میں کسی کے آگے ہاتھ پھیلانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔

ای پیپر دی نیشن