مجھے فخرہے میں ایک عام پارٹی کارکن تھی،میں پیراشوٹ لینڈنگ کر کے نہیں آئی تھی:نازبلوچ

اسلام آباد:گزشتہ روزپاکستان تحریک انصاف کو خیرباد کہہ کر پیپلز پارٹی جوائن کرنے والی نازبلوچ نے خود کوعام پارٹی کارکن کہنے پر پی ٹی آئی رہنما شفقت محمود کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔نازبلوچ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شفقت محمود کے ردعمل کے جواب میں پی ٹی آئی پارٹی عہدیداران کی فہرست شیئر کردی۔ فہرست میں ناز بلوچ کا عہدہ نمایاں طور پر دیکھا جا سکتا ہے جو سندھ میں خواتین کی نائب صدر کا ہے۔ناز بلوچ نے اپنے پیغام میں لکھا کہ مجھے فخر ہے کہ میں ایک عام پارٹی کارکن تھی اور پارٹی کے پہلے 12منتخب ارکان میں پیراشوٹ لینڈنگ کر کے نہیں آئی تھی۔ ٹویٹ میں ناز بلوچ نے شفقت محمود کو ٹیگ کرتے ہوئے یہ بھی لکھا کہ آپ کی اطلاع کے لیے ۔واضح رہے کہ گزشتہ روزناز بلوچ کے تحریک انصاف چھوڑ کر پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے سے متعلق سوال پر شفقت محمود کا کہنا تھا ناز بلوچ پارٹی کی عام رکن تھیں اور وہ قومی سطح کی رکن نہیں تھیں۔ ناز بلوچ کا کوئی عہدہ نہیں تھا .اس لیے انہیں اتنی اہمیت نہ دی جائے۔

ای پیپر دی نیشن