لاہور (خصوصی رپورٹر) شہباز شریف نے کہا ایک روز انتخابی سرگرمیاں معطل رکھنے کے بعد سیاسی سرگرمیوں کا آغاز کر دیا۔ وہ شام چھ بجے ماڈل ٹاﺅن سے فیرورز پور روڈ بنک سٹاپ پہنچے تو مسلم لیگی ترانوں پر کارکنوں نے ان کی گاڑی کے آگے بھنگڑے ڈالے۔ شہباز شریف کی گاڑی سے لگوائے جانے والے نعروں میں نواز شریف کو ووٹ کی پرچی سے آزادی دلوانی ہے، 25 جولائی عوام کی عدالت سے نواز شریف کی رہائی کا دن ہے، شامل تھے۔ ریلی گاڑیوں، موٹرسائیکلوں اور پیدل افراد پر مشتمل تھی۔ کارکنوں نے پارٹی جھنڈے اور نواز شریف، شہباز شریف، مریم نواز اور حمزہ شہباز کے پورٹریٹ اٹھائے ہوئے تھے۔ شہباز شریف یوحنا آباد پہنچے تو وہاں موجود سینکڑوں افراد نے استقبال کیا۔ شہباز شریف نے کہا 25 جولائی کو مسیحی برادری نے شیر پر مہر لگا کر نواز شریف کو رہا کروانا ہے۔ میاں شہبازشریف کی ریلی گجومتہ پہنچی تو وہاں بھی بہت بڑی تعداد میں لوگ ان کے استقبال کیلئے جمع تھے۔ ریلی کے شرکاءکی تعداد ہزاروں تک پہنچ چکی تھی۔ پرجوش کارکنوں نے نواز شریف شہباز شریف، مریم نواز اور حمزہ شہباز کے حق میں زبردست نعرے بازی کی۔
جھلکیاں
شہباز شریف کا فیروز پور روڈ یوحنا آباد، گجومتہ کاہنہ میں شاندار استقبال ‘کارکنوں کے گاڑی کے آگے بھنگڑے، نواز شریف مریم، حمزہ کے پورٹریٹ اٹھا رکھے تھے
Jul 17, 2018