نسل نو کو قیام پاکستان کے مقاصد سے آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے: فیض اللہ فراق

Jul 17, 2018

لاہور (خصوصی رپورٹر) نئی نسل کو دوقومی نظریہ، تحریک پاکستان ، قیام پاکستان کے اسباب ومقاصد سے آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ہمارے آباواجداد نے آزادی کیلئے بڑی قربانیاں دیں لہٰذا آزادی کی قدر کریں۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے ایوانِ کارکنان تحریک پاکستان‘ لاہور میں جاری نظریاتی سمر سکول کے 18ویں سالانہ تعلیمی سیشن کے 22ویں روز طلبا و طالبات سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر ترجمان حکومت گلگت بلتستان فیض اللہ فراق، سینئر صحافی ودانشور سعید آسی، سلمان فاروق، پروفیسر ڈاکٹر پروین خان، بیگم صفیہ اسحاق، عطی اللہ بیگ اور سیکرٹری نظریۂ پاکستان ٹرسٹ شاہد رشید موجود تھے۔ فیض اللہ فراق نے کہا کہ نئی نسل کے ذہنوں میں وطن عزیز کی محبت راسخ کرنے کیلئے نظریاتی سمر سکول کا انعقاد خوش آئند قدم ہے۔ ممتاز صحافی سعید آسی نے کہا کہ آج نصاب تعلیم میںسے مشاہیر تحریک آزادی کی حیات وخدمات کو نکالا جا رہا ہے۔ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت نئی نسل کو دوقومی نظریہ، قیام پاکستان کے اسباب ومقاصد اور بانیان پاکستان کے افکارونظریات سے دور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ مستونگ میں پاکستانیت کی آواز بلند کرنیوالوں کو نشانہ بنایاگیا۔ دانشور سلمان فاروق نے کہا یہ ملک ہمارے آباواجداد نے لازوال قربانیوں کے بعد حاصل کیا۔آزادی کی قدر کریں ۔ علاوہ ازیں نظریاتی سمر سکول کے طلبا وطالبات کے ایک وفد نے غازی علم الدین شہید، میجر شبیر شریف شہید، محمد مالک شہید اور مجید نظامی کے مزارات پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔

مزیدخبریں